5. اِن بارہ کو یِسُو ع نے بھیجا اور اُن کوحُکم دے کرکہا ۔ غَیر قَوموں کی طرف نہ جانااور سامرِیوں کے کِسی شہر میں داخِل نہ ہونا۔
6. بلکہ اِسر ائیل کے گھرانے کی کھوئی ہُوئی بھیڑوں کے پاس جانا۔
7. اور چلتے چلتے یہ مُنادی کرنا کہ آسمان کی بادشاہی نزدِیک آ گئی ہے۔
8. بِیماروں کو اچّھا کرنا ۔ مُردوں کو جِلانا ۔ کوڑِھیوں کو پاک صاف کرنا ۔ بدرُوحوں کو نِکالنا ۔ تُم نے مُفت پایا مُفت دینا۔
9. نہ سونا اپنے کمربند میں رکھنا نہ چاندی نہ پَیسے۔
10. راستہ کے لِئے نہ جھولی لینا نہ دو دو کُرتے نہ جُوتِیاں نہ لاٹھی کیونکہ مزدُور اپنی خُوراک کا حقدار ہے۔
11. اور جِس شہر یا گاؤں میں داخِل ہو دریافت کرنا کہ اُس میں کَون لائِق ہے اور جب تک وہاں سے روانہ نہ ہو اُسی کے ہاں رہنا۔
12. اور گھر میں داخِل ہوتے وقت اُسے دُعایِ خَیر دینا۔
13. اور اگر وہ گھر لائِق ہو تو تُمہارا سلام اُسے پُہنچے اور اگر لائِق نہ ہو تو تُمہارا سلام تُم پر پِھر آئے۔