متّی 10:31-42 Urdu Bible Revised Version (URD)

31. پس ڈرو نہیں ۔ تُمہاری قدر تو بُہت سی چِڑِیوں سے زِیادہ ہے۔

32. پس جو کوئی آدمِیوں کے سامنے میرا اِقرار کرے گامَیں بھی اپنے باپ کے سامنے جو آسمان پر ہے اُس کااِقرار کرُوں گا۔

33. مگر جو کوئی آدمِیوں کے سامنے میرا اِنکار کرے گامَیں بھی اپنے باپ کے سامنے جو آسمان پر ہے اُس کااِنکار کرُوں گا۔

34. یہ نہ سمجھو کہ مَیں زمِین پر صُلح کرانے آیا ہُوں ۔ صُلح کرانے نہیں بلکہ تلوارچلوا نے آیا ہُوں۔

35. کیونکہ مَیں اِس لِئے آیا ہُوں کہ آدمی کو اُس کے باپ سے اور بیٹی کو اُس کی ماں سے اور بہُو کو اُس کی ساس سے جُدا کر دُوں۔

36. اور آدمی کے دُشمن اُس کے گھر ہی کے لوگ ہوں گے۔

37. جو کوئی باپ یا ماں کو مُجھ سے زیادہ عزِیز رکھتا ہے وہ میرے لائق نہیں اور جو کوئی بیٹے یا بیٹی کو مُجھ سے زیادہ عزِیز رکھتا ہے وہ میرے لائق نہیں۔

38. اور جو کوئی اپنی صلِیب نہ اُٹھائے اور میرے پِیچھے نہ چلے وہ میرے لائق نہیں۔

39. جو کوئی اپنی جان بچاتا ہے اُسے کھوئے گااور جو کوئی میری خاطِر اپنی جان کھوتا ہے اُسے بچائے گا۔

40. جو تُم کو قبُول کرتا ہے وہ مُجھے قبُول کرتا ہے اور جو مُجھے قبُول کرتا ہے وہ میرے بھیجنے والے کو قبُول کرتا ہے۔

41. جو نبی کے نام سے نبی کو قبُول کرتا ہے وہ نبی کا اجر پائے گااور جو راستباز کے نام سے راستباز کو قبُول کرتا ہے وہ راستباز کا اَجر پائے گا۔

42. اور جو کوئی شاگِرد کے نام سے اِن چھوٹوں میں سے کِسی کو صِرف ایک پِیالہ ٹھنڈا پانی ہی پِلائے گامَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں وہ اپنا اجر ہرگِز نہ کھوئے گا۔

متّی 10