قُضاۃ 18:3-16 Urdu Bible Revised Version (URD)

3. جب وہ مِیکاہ کے گھر کے پاس پُہنچے تو اُس لاوی جوان کی آواز پہچانی ۔ پس وہ اُدھر کو مُڑ گئے اور اُس سے کہنے لگے تُجھ کو یہاں کَون لایا؟ تُو یہاں کیا کرتا ہے اور یہاں تیرا کیا ہے؟۔

4. اُس نے اُن سے کہا مِیکاہ نے مُجھ سے اَیسا اَیسا سلُوک کِیا اور مُجھے نَوکر رکھ لِیا ہے اور مَیں اُس کا کاہِن بنا ہُوں۔

5. اُنہوں نے اُس سے کہا کہ خُدا سے ذرا صلاح لے تاکہ ہم کو معلُوم ہو جائے کہ ہمارا یہ سفر مُبارک ہو گا یا نہیں۔

6. اُس کاہِن نے اُن سے کہا سلامتی سے چلے جاؤ کیونکہ تُمہارا یہ سفر خُداوند کے حضُور ہے۔

7. سو وہ پانچوں شخص چل نِکلے اور لَیس میں آئے ۔ اُنہوں نے وہاں کے لوگوں کو دیکھا کہ صَیدانِیوں کی طرح کَیسے اِطمِینان اور امن اور چَین سے رہتے ہیں کیونکہ اُس مُلک میں کوئی حاکِم نہیں تھا جو اُن کو کِسی بات میں ذلِیل کرتا ۔ وہ صَیدانِیوں سے بُہت دُور تھے اور کِسی سے اُن کو کُچھ سروکار نہ تھا۔

8. سو وہ صُرعہ اور اِستال کو اپنے بھائِیوں کے پاس لَوٹے اور اُن کے بھائِیوں نے اُن سے پُوچھا کہ تُم کیا کہتے ہو؟۔

9. اُنہوں نے کہا چلو ہم اُن پر چڑھ جائیں کیونکہ ہم نے اُس مُلک کو دیکھا کہ وہ بُہت اچّھا ہے اور تُم کیا چُپ چاپ ہی رہے؟ اب چل کر اُس مُلک پر قابِض ہونے میں سُستی نہ کرو۔

10. اگر تُم چلے تو ایک مُطمئِن قَوم کے پاس پُہنچو گے اور وہ مُلک وسِیع ہے کیونکہ خُدا نے اُسے تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا ہے ۔ وہ اَیسی جگہ ہے جِس میں دُنیا کی کِسی چِیز کی کمی نہیں۔

11. تب بنی دان کے گھرانے کے چھ سَومَرد جنگ کے ہتھیار باندھے ہُوئے صُرعہ اور اِستال سے روانہ ہُوئے۔

12. اور جا کر یہُوداہ کے قریت یعر ِیم میں خَیمہ زن ہُوئے ۔ اِسی لِئے آج کے دِن تک اُس جگہ کو محنے دا ن کہتے ہیں اور یہ قریت یعرِیم کے پِیچھے ہے۔

13. اور وہاں سے چل کر افرا ئِیم کے کوہِستانی مُلک میں پُہنچے اور مِیکاہ کے گھر آئے۔

14. تب وہ پانچوں مَرد جو لَیس کے مُلک کا حال دریافت کرنے گئے تھے اپنے بھائِیوں سے کہنے لگے کیا تُم کو خبر ہے کہ اِن گھروں میں ایک افُود اور ترافِیم اور ایک کُھدا ہُؤا بُت اور ایک ڈھالا ہُؤا بُت ہے؟ سو اب سوچ لو کہ تُم کو کیا کرنا ہے۔

15. تب وہ اُس طرف مُڑ گئے اور اُس لاوی جوان کے مکان میں یعنی مِیکاہ کے گھر میں داخِل ہُوئے اور اُس سے خَیر و عافِیت پُوچھی۔

16. اور وہ چھ سَو مَرد جو بنی دان میں سے تھے جنگ کے ہتھیار باندھے پھاٹک پر کھڑے رہے۔

قُضاۃ 18