قُضاۃ 1:18-30 Urdu Bible Revised Version (URD)

18. اور یہُوداہ نے غزّہ اور اُس کی نواحی اور اسقلو ن اور اُس کی نواحی اور عقرُون اور اُس کی نواحی کو بھی لے لِیا۔

19. اور خُداوند یہُوداہ کے ساتھ تھا ۔ سو اُس نے کوہِستانِیوں کو نِکال دِیا پر وادی کے باشِندوں کو نِکال نہ سکا کیونکہ اُن کے پاس لوہے کے رتھ تھے۔

20. تب اُنہوں نے مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق حبرُو ن کالِب کو دِیا اور اُس نے وہاں سے عنا ق کے تِینوں بیٹوں کو نِکال دِیا۔

21. اور بنی بِنیمِین نے اُن یبُوسِیوں کو جو یروشلِیم رہتے تھے نہ نِکالا ۔ سو یبُو سی بنی بِنیمِین کے ساتھ آج تک یروشلِیم میں رہتے ہیں۔

22. اور یُوسف کے گھرانے نے بھی بَیت ایل پر چڑھائی کی اور خُداوند اُن کے ساتھ تھا۔

23. اور یُوسف کے گھرانے نے بَیت ایل کا حال دریافت کرنے کو جاسُوس بھیجے اور اُس شہر کا نام پہلے لُوز تھا۔

24. اور جاسُوسوں نے ایک شخص کو اُس شہر سے نِکلتے دیکھا اور اُس سے کہا کہ شہر میں داخِل ہونے کی راہ ہم کو دِکھا دے تو ہم تُجھ سے مِہربانی سے پیش آئیں گے۔

25. سو اُس نے شہر میں داخِل ہونے کی راہ اُن کو دِکھا دی ۔ اُنہوں نے شہر کو تہِ تیغ کِیا پر اُس شخص اور اُس کے سارے گھرانے کو چھوڑ دِیا۔

26. اور وہ شخص حِتّیوں کے مُلک میں گیا اور اُس نے وہاں ایک شہر بنایا اور اُس کا نام لُوز رکھّا چُنانچہ آج تک اُس کا یِہی نام ہے۔

27. اور منسّی نے بھی بَیت شان اور اُس کے قصبوں اور تعناک اور اُس کے قصبوں اور دور اور اُس کے قصبوں کے باشِندوں اور اِبلیعا م اور اُس کے قصبوں کے باشِندوں اور مجِدّو اور اُس کے قصبوں کے باشِندوں کو نہ نِکالا بلکہ کنعانی اُس مُلک میں بسے ہی رہے۔

28. پر جب اِسرائیلِیوں نے زور پکڑا تو وہ کنعانِیوں سے بیگار کا کام لینے لگے پر اُن کو بِالکُل نِکال نہ دِیا۔

29. اور افرا ئِیم نے اُن کنعانِیوں کو جو جزر میں رہتے تھے نہ نِکالا سو کنعانی اُن کے درمِیان جزر میں بسے رہے۔

30. اور زبُولُون نے قِطرو ن اور نہلا ل کے لوگوں کو نہ نِکالا سو کنعانی اُن میں بُود و باش کرتے رہے اور اُن کے مُطِیع ہو گئے۔

قُضاۃ 1