1. خُداوند کا شُکر کرو ۔ اُس کے نام سے دُعا کرو۔قَوموں میں اُس کے کاموں کا بیان کرو۔
2. اُس کی تعرِیف میں گاؤ ۔ اُس کی مدح سرائی کرو۔اُس کے تمام عجائِب کا چرچا کرو۔
3. اُس کے مُقدّس نام پر فخر کرو۔خُداوند کے طالِبوں کے دِل شادمان ہوں۔
4. خُداوند اور اُس کی قُوّت کے طالِب ہو۔ہمیشہ اُس کے دِیدار کے طالِب رہو۔
5. اُن عجِیب کاموں کو جو اُس نے کِئے۔اُس کے عجائِب اور مُنہ کے احکام کو یاد رکھّو۔
6. اَے اُس کے بندے ابرہام کی نسل !اَے بنی یعقُوب اُس کے برگُزِیدو!
7. وُہی خُداوند ہمارا خُدا ہے۔اُس کے احکام تمام زمِین پر ہیں۔
8. اُس نے اپنے عہد کو ہمیشہ یاد رکھّا۔یعنی اُس کلام کو جو اُس نے ہزار پُشتوں کے لِئے فرمایا۔