رُومِیوں 15:13-25 Urdu Bible Revised Version (URD)

13. پس خُدا جو اُمّید کا چشمہ ہے تُمہیں اِیمان رکھنے کے باعِث ساری خُوشی اور اِطمِینان سے معمُور کرے تاکہ رُوحُ القُدس کی قُدرت سے تُمہاری اُمّید زِیادہ ہوتی جائے۔

14. اور اَے میرے بھائِیو! مَیں خُود بھی تُمہاری نِسبت یقِین رکھتا ہُوں کہ تُم آپ نیکی سے معمُور اور تمام مَعرفت سے بھرے ہو اور ایک دُوسرے کو نصِیحت بھی کر سکتے ہو۔

15. تَو بھی مَیں نے بعض جگہ زِیادہ دِلیری کے ساتھ یاد دِلانے کے طَور پر اِس لِئے تُم کو لِکھا کہ مُجھ کو خُدا کی طرف سے غَیر قَوموں کے لِئے مسِیح یِسُوع کے خادِم ہونے کی تَوفِیق مِلی ہے۔

16. کہ مَیں خُدا کی خُوشخبری کی خِدمت کاہِن کی طرح انجام دُوں تاکہ غَیر قَومیں نذر کے طَور پر رُوحُ القُدس سے مُقدّس بن کر مقبُول ہو جائیں۔

17. پس مَیں اُن باتوں میں جو خُدا سے مُتعلِّق ہیں مسِیح یِسُو ع کے باعِث فخر کر سکتا ہُوں۔

18. کیونکہ مُجھے اَور کِسی بات کے ذِکر کرنے کی جُرأت نہیں سِوا اُن باتوں کے جو مسِیح نے غَیر قَوموں کے تابِع کرنے کے لِئے قَول اور فِعل سے نِشانوں اور مُعجِزوں کی طاقت سے اور رُوحُ القُدس کی قُدرت سے میری وساطت سے کِیں۔

19. یہاں تک کہ مَیں نے یروشلِیم سے لے کر چاروں طرف اِلرُِّکُم تک مسِیح کی خُوشخبری کی پُوری پُوری مُنادی کی۔

20. اور مَیں نے یِہی حَوصلہ رکھّا کہ جہاں مسِیح کا نام نہیں لِیا گیا وہاں خُوشخبری سُناؤُں تاکہ دُوسرے کی بُنیاد پر عِمارت نہ اُٹھاؤُں۔

21. بلکہ جَیسا لِکھا ہے وَیسا ہی ہوکہجِن کو اُس کی خبر نہیں پُہنچی وہ دیکھیں گےاور جِنہوں نے نہیں سُنا وہ سمجھیں گے۔

22. اِسی لِئے مَیں تُمہارے پاس آنے سے بار بار رُکا رہا۔

23. مگر چُونکہ مُجھ کو اب اِن مُلکوں میں جگہ باقی نہیں رہی اور بُہت برسوں سے تُمہارے پاس آنے کا مُشتاق بھی ہُوں۔

24. اِس لِئے جب اِسفانیہ کو جاؤُں گا تو تُمہارے پاس ہوتا ہُؤا جاؤُں گا کیونکہ مُجھے اُمّید ہے کہ اُس سفر میں تُم سے مِلُوں گا اور جب تُمہاری صُحبت سے کِسی قدر میرا جی بھر جائے گا تو تُم مُجھے اُس طرف روانہ کر دو گے۔

25. لیکن بِالفعل تو مُقدّسوں کی خِدمت کرنے کے لِئے یروشلِیم کو جاتا ہُوں۔

رُومِیوں 15