خُرُوج 9:9-20 Urdu Bible Revised Version (URD)

9. اور وہ سارے مُلکِ مِصر میں بارِیک گرد ہو کر مِصر کے آدمِیوں اور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اور پھپھولے بن جائے گی۔

10. سو وہ بھٹّی کی راکھ لے کر فِرعو ن کے آگے جا کھڑے ہُوئے اور مُوسیٰ نے اُسے آسمان کی طرف اُڑا دِیا اور وہ آدمِیوں اور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اور پھپھولے بن گئی۔

11. اور جادُوگر پھوڑوں کے سبب سے مُوسیٰ کے آگے کھڑے نہ رہ سکے کیونکہ جادُوگروں اور سب مِصریوں کے پھوڑے نِکلے ہُوئے تھے۔

12. اور خُداوند نے فِرعو ن کے دِل کو سخت کر دِیا اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ سے کہہ دِیا تھا اُن کی نہ سُنی۔

13. پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ صُبح سویرے اُٹھ کر فِرعو ن کے آگے جا کھڑا ہو اور اُسے کہہ کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عِبادت کریں۔

14. کیونکہ مَیں اب کی بار اپنی سب بلائیں تیرے دِل اور تیرے نوکروں اور تیری رعیّت پر نازِل کرُوں گا تاکہ تُو جان لے کہ تمام دُنیا میں میری مانِند کوئی نہیں ہے۔

15. اور مَیں نے تو ابھی ہاتھ بڑھا کر تُجھے اور تیری رعیّت کو وبا سے مارا ہوتا اور تُو زمِین پر سے ہلاک ہو جاتا۔

16. پر مَیں نے تُجھے فی الحقِیت اِس لِئے قائِم رکھّا ہے کہ اپنی قُوّت تُجھے دِکھاؤُں تاکہ میرا نام ساری دُنیا میں مشہُور ہو جائے۔

17. کیا تُو اب بھی میرے لوگوں کے مقابلہ میں تکبُّر کرتا ہے کہ اُن کو جانے نہیں دیتا ؟۔

18. دیکھ مَیں کل اِسی وقت اَیسے بڑے بڑے اَولے برساؤُں گا جو مِصر میں جب سے اُس کی بُنیاد ڈالی گئی آج تک نہیں پڑے۔

19. پس آدمی بھیج کر اپنے چَوپایوں کو اور جو کُچھ تیرا مال کھیتوں میں ہے اُس کو اندر کر لے کیونکہ جِتنے آدمی اور جانور مَیدان میںہوں گے اور گھر میں نہیں پُہنچائے جائیں گے اُن پر اَولے پڑیں گے اور وہ ہلاک ہو جائیں گے۔

20. سو فِرعو ن کے خادِموں میں جو جو خُداوند کے کلام سے ڈرتا تھا وہ اپنے نوکروں اور چَوپایوں کو گھر میں بھگا لے آیا۔

خُرُوج 9