1. تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا فِرعو ن کے پاس جا کر اُس سے کہہ کہ خُداوند عِبرانیوں کا خُدا یُوں فرماتاہے کہ میرے لوگوں کو جانے دے تاکہ وہ میری عِبادت کریں۔
2. کیونکہ اگر تُو اِنکار کرے اور اُن کو جانے نہ دے اور اب بھی اُن کو روکے رکھّے۔
3. تو دیکھ خُداوند کا ہاتھ تیرے چَوپایوں پر جو کھیتوں میں ہیں یعنی گھوڑوں گدھوں اُونٹوں گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں پر اَیسا پڑے گا کہ اُن میں بڑی بھاری مَری پَھیل جائے گی۔
4. اور خُداوند اِسرا ئیل کے چَوپایوں کو مِصریوں کے چَوپایوں سے جُدا کرے گا اور جو بنی اِسرائیل کے ہیں اُن میں سے ایک بھی نہیں مَرے گا۔
5. اور خُداوند نے ایک وقت مُقرّر کر دِیا اور بتا دِیا کہ کل خُداوند اِس مُلک میں یِہی کام کرے گا۔
6. اور خُداوند نے دُوسرے دِن اَیسا ہی کِیا اور مِصریوں کے سب چَوپائے مَر گئے لیکن بنی اِسرائیل کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہ مَرا۔
7. چُنانچہ فِرعو ن نے آدمی بھیجے تو معلُوم ہُؤا کہ اِسرائیلیوں کے چَوپایوں میں سے ایک بھی نہیں مَرا ہے لیکن فِرعو ن کا دِل مُتعصِّب تھا اور اُس نے لوگوں کو جانے نہ دِیا۔
8. اور خُداوند نے مُوسیٰ اور ہارُو ن سے کہا کہ تُم دونوں بھٹّی کی راکھ اپنی مُٹّھیوں میں لے لو اور مُوسیٰ اُسے فِرعو ن کے سامنے آسمان کی طرف اُڑا دے۔
9. اور وہ سارے مُلکِ مِصر میں بارِیک گرد ہو کر مِصر کے آدمِیوں اور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اور پھپھولے بن جائے گی۔
10. سو وہ بھٹّی کی راکھ لے کر فِرعو ن کے آگے جا کھڑے ہُوئے اور مُوسیٰ نے اُسے آسمان کی طرف اُڑا دِیا اور وہ آدمِیوں اور جانوروں کے جِسم پر پھوڑے اور پھپھولے بن گئی۔
11. اور جادُوگر پھوڑوں کے سبب سے مُوسیٰ کے آگے کھڑے نہ رہ سکے کیونکہ جادُوگروں اور سب مِصریوں کے پھوڑے نِکلے ہُوئے تھے۔