خُرُوج 25:5-22 Urdu Bible Revised Version (URD)

5. اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں اور کِیکر کی لکڑی۔

6. اور چراغ کے لِئے تیل اور مَسح کرنے کے تیل کے لِئے اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح۔

7. اور سنگِ سُلیمانی اور افُود اور سِینہ بند میں جڑنے کے نگینے۔

8. اور وہ میرے لِئے ایک مَقدِس بنائیں تاکہ مَیں اُن کے درمیان سکُونت کرُوں۔

9. اور مسکن اور اُس کے سارے سامان کا جو نمُونہ میں تُجھے دِکھاؤُں ٹھیک اُسی کے مُطابِق تُم اُسے بنانا۔

10. اور وہ کِیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنائیں جِس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔

11. اور تُو اُس کے اندر اور باہر خالِص سونا منڈھنا اور اُس کے اُوپر گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔

12. اور اُس کے لِئے سونے کے چار کڑے ڈھال کر اُس کے چاروں پایوں میں لگانا۔دو کڑے ایک طرف ہوں اور دو ہی دُوسری طرف۔

13. اور کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن پر سونا منڈھنا۔

14. اور اِن چوبوں کو صندُوق کے اطراف کے کڑوں میں ڈالنا کہ اُن کے سہارے صندُوق اُٹھ جائے۔

15. چوبیں صندُوق کے کڑوں کے اندر لگی رہیں اور اُس سے الگ نہ کی جائیں۔

16. اور تُو اُس شہادت نامہ کو جو مَیں تُجھے دُوں گا اُسی صندُوق میں رکھنا۔

17. اور تُو کفّارہ کا سرپوش خالِص سونے کا بنانا جِس کا طُول ڈھائی ہاتھ اور عرض ڈیڑھ ہاتھ ہو۔

18. اور سونے کے دو کرُّوبی سرپوش کے دونوں سِروں پر گھڑ کر بنانا۔

19. ایک کرُّوبی کو ایک سِرے پر اور دُوسرے کرُّوبی کو دُوسرے سِرے پر لگانا اور تُم سرپوش کو اور دونوں سرِوں کے کرُّوبیوں کو ایک ہی ٹُکڑے سے بنانا۔

20. اور وہ کرُّوبی اِس طرح اُوپر کو اپنے پَر پَھیلائے ہُوئے ہوں کہ سرپوش کو اپنے پَروں سے ڈھانک لیں اور اُن کے مُنہ آمنے سامنے سرپوش کی طرف ہوں۔

21. اور تُو اُس سرپوش کو اُس صندُوق کے اُوپر لگانا اور وہ عہدنامہ جو مَیں تُجھے دُوں گا اُسے اُس صندُوق کے اندر رکھنا۔

22. وہاں مَیں تُجھ سے مِلا کرُوں گا اور اُس سرپوش کے اُوپر سے اور کرُّوبیوں کے بِیچ میں سے جو عہدنامہ کے صندُوق کے اُوپر ہوں گے اُن سب احکام کے بارے میں جو مَیں بنی اِسرائیل کے لِئے تُجھے دُوں گا تُجھ سے بات چِیت کِیا کرُوں گا۔

خُرُوج 25