خُرُوج 25:1-15 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اور خُداوند نے مُوسیٰ کو فرمایا۔

2. بنی اِسرائیل سے یہ کہنا کہ میرے لِئے نذر لائیں اور تُم اُن ہی سے میری نذر لینا جو اپنے دِل کی خُوشی سے دیں۔

3. اور جِن چِیزوں کی نذر تُم کو اُن سے لینی ہے وہ یہ ہیں :- سونا اور چاندی اور پِیتل۔

4. اور آسمانی اور ارغَوانی اور سُرخ رنگ کا کپڑا اور بارِیک کتان اور بکری کی پشم۔

5. اور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالیں اور تخس کی کھالیں اور کِیکر کی لکڑی۔

6. اور چراغ کے لِئے تیل اور مَسح کرنے کے تیل کے لِئے اور خُوشبُودار بخُور کے لِئے مصالِح۔

7. اور سنگِ سُلیمانی اور افُود اور سِینہ بند میں جڑنے کے نگینے۔

8. اور وہ میرے لِئے ایک مَقدِس بنائیں تاکہ مَیں اُن کے درمیان سکُونت کرُوں۔

9. اور مسکن اور اُس کے سارے سامان کا جو نمُونہ میں تُجھے دِکھاؤُں ٹھیک اُسی کے مُطابِق تُم اُسے بنانا۔

10. اور وہ کِیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنائیں جِس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ ہو۔

11. اور تُو اُس کے اندر اور باہر خالِص سونا منڈھنا اور اُس کے اُوپر گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔

12. اور اُس کے لِئے سونے کے چار کڑے ڈھال کر اُس کے چاروں پایوں میں لگانا۔دو کڑے ایک طرف ہوں اور دو ہی دُوسری طرف۔

13. اور کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن پر سونا منڈھنا۔

14. اور اِن چوبوں کو صندُوق کے اطراف کے کڑوں میں ڈالنا کہ اُن کے سہارے صندُوق اُٹھ جائے۔

15. چوبیں صندُوق کے کڑوں کے اندر لگی رہیں اور اُس سے الگ نہ کی جائیں۔

خُرُوج 25