3. اور مُوسیٰ اُس پر چڑھ کر خُدا کے پاس گیااور خُداوند نے اُسے پہاڑ پر سے پُکار کر کہا کہ تُو یعقُوب کے خاندان سے یُوں کہہ اور بنی اِسرائیل کو یہ سُنا دے۔
4. کہ تُم نے دیکھا کہ مَیں نے مِصریوں سے کیا کیا کِیا اور تُم کو گویا عُقاب کے پروں پر بَیٹھا کر اپنے پاس لے آیا۔
5. سو اب اگر تُم میری بات مانو اور میرے عہد پر چلو تو سب قَوموں میں سے تُم ہی میری خاص مِلِکیّت ٹھہرو گے کیونکہ ساری زمِین میری ہے۔
6. اور تُم میرے لِئے کاہِنوں کی ایک مملکت اور ایک مُقدّس قَوم ہو گے ۔ اِن ہی باتوں کو تُو بنی اِسرائیل کو سُنا دینا۔
7. تب مُوسیٰ نے آکر اور اُن لوگوں کے بزُرگوں کو بُلا کر اُن کے رُوبرُو وہ سب باتیں جو خُداوند نے اُسے فرمائی تِھیں بیان کِیں۔