حِزقی ایل 43:6-17 Urdu Bible Revised Version (URD)

6. اور مَیں نے کِسی کی آواز سُنی جو ہَیکل میں سے میرے ساتھ باتیں کرتا تھا اور ایک شخص میرے پاس کھڑا تھا۔

7. اور اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدم زاد یہ میری تخت گاہ اور میرے پاؤں کی کُرسی ہے جہاں مَیں بنی اِسرائیل کے درمِیان ابد تک رہُوں گا اور بنی اِسرائیل اور اُن کے بادشاہ پِھر کبھی میرے مُقدّس نام کو اپنی بدکاری اوراپنے بادشاہوں کی لاشوں سے اُن کے مَرنے پر ناپاک نہ کریں گے۔

8. کیونکہ وہ اپنے آستانے میرے آستانوں کے پاس اور اپنی چَوکھٹیں میری چَوکھٹوں کے پاس لگاتے تھے اور میرے اور اُن کے درمِیان صِرف ایک دِیوار تھی ۔ اُنہوں نے اپنے اُن گِھنَونے کاموں سے جو اُنہوں نے کِئے میرے مُقدّ س نام کو ناپاک کِیا اِس لِئے مَیں نے اپنے قہر میں اُن کو ہلاک کِیا۔

9. پس اب وہ اپنی بدکاری اور اپنے بادشاہوں کی لاشیں مُجھ سے دُور کر دیں تو مَیں ابد تک اُن کے درمِیان رہُوں گا۔

10. اَے آدم زاد تُو بنی اِسرائیل کو یہ گھر دِکھا تاکہ وہ اپنی بدکرداری سے شرمِندہ ہو جائیں اور اِس نمُونہ کو ناپیں۔

11. اور اگر وہ اپنے سب کاموں سے پشیمان ہوں تو اُس گھر کا نقشہ اور اُس کی ترتِیب اور اُس کے مُخارِج و مداخِل اور اُس کی تمام شکل اور اُس کے کُل احکام اور اُس کی پُوری وضع اور تمام قوانِین اُن کو دِکھا اور اُن کی آنکھوں کے سامنے اُس کو لِکھ تاکہ وہ اُس کا کُل نقشہ اور اُس کے تمام احکام کو مان کر اُن پر عمل کریں۔

12. اِس گھر کا قانُون یہ ہے کہ اِس کی تمام سرحدّیں پہاڑکی چوٹی پر اور اِس کے گِرداگِرد نِہایت مُقدّس ہوں گی ۔ دیکھ یِہی اِس گھر کا قانُون ہے۔

13. اور ہاتھ کے ناپ سے مذبح کے یہ ناپ ہیں اور اِس ہاتھ کی لمبائی ایک ہاتھ چار اُنگل ہے ۔ پایہ ایک ہاتھ کا ہو گا اور چَوڑائی ایک ہاتھ اور اُس کے گِردا گِرد بالِشت بھر چَوڑا حاشِیہ اور مذبح کا پایہ یِہی ہے۔

14. اور زمِین پر کے اِس پایہ سے لے کر نِیچے کی کُرسی تک دو ہاتھ اور اُس کی چَوڑائی ایک ہاتھ اور چھوٹی کُرسی سے بڑی کُرسی تک چار ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ۔

15. اور اُوپر کا مذبح چار ہاتھ کا ہو گا اور مذبح کے اُوپر چار سِینگ ہوں گے۔

16. اور مذبح بارہ ہاتھ لمبا ہو گا اور بارہ ہاتھ چَوڑامُربّع۔

17. اور کُرسی چَودہ ہاتھ لمبی اور چَودہ ہاتھ چَوڑی مُربّع اور گِردا گِرد اُس کا کنارہ آدھا ہاتھ اور اُس کا پایہ گِردا گِرد ایک ہاتھ اور اُس کا زِینہ مشرِق رُو ہو گا۔

حِزقی ایل 43