حِزقی ایل 39:2-14 Urdu Bible Revised Version (URD)

2. اور مَیں تُجھے پِھرا دُوں گا اور تُجھے لِئے پِھرُوں گا اور شِمال کی دُور اطراف سے چڑھا لاؤُں گا اور تُجھے اِسرائیل کے پہاڑوں پر پُہنچاؤُں گا۔

3. اور تیری کمان تیرے بائیں ہاتھ سے چُھڑا دُوں گا اور تیرے تِیر تیرے دہنے ہاتھ سے گِرا دُوں گا۔

4. تُو اِسرائیل کے پہاڑوں پر اپنے سب لشکر اور حمایتِیوں سمیت گِر جائے گا اور مَیں تُجھے ہر قِسم کے شِکاری پرِندوں اور مَیدان کے درِندوں کو دُوں گا کہ کھا جائیں۔

5. تُو کُھلے مَیدان میں گِرے گا کیونکہ مَیں ہی نے کہا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

6. اور مَیں ماجُوج پر اور اُن پر جو بحری مُمالِک میں امن سے سکُونت کرتے ہیں آگ بھیجُوں گا اور وہ جانیں گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

7. اور مَیں اپنے مُقدّس نام کو اپنی اُمّت اِسرائیل میں ظاہِر کرُوں گا اور پِھر اپنے مُقدّس نام کی بے حُرمتی نہ ہونے دُوں گا اور قَومیں جانیں گی کہ مَیں خُداوند اِسرائیل کا قُدُّوس ہُوں۔

8. دیکھ وہ پُہنچا اور وقُوع میں آیا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔ یہ وُہی دِن ہے جِس کی بابت مَیں نے فرمایا تھا۔

9. تب اِسرائیل کے شہروں کے بسنے والے نِکلیں گے اور آگ لگا کر ہتھیاروں کو جلائیں گے یعنے سِپروں اور پھریوں کو ۔ کمانوں اور تِیروں کو اور بھالوں اور برچِھیوں کو اور وہ سات برس تک اُن کو جلاتے رہیں گے۔

10. یہاں تک کہ وہ نہ مَیدان سے لکڑی لائیں گے اور نہ جنگلوں سے کاٹیں گے کیونکہ وہ ہتھیار ہی جلائیں گے اور وہ اپنے لُوٹنے والوں کو لُوٹیں گے اور اپنے غارت کرنے والوں کو غارت کریں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

11. اور اُسی دِن یُوں ہو گا کہ مَیں وہاں اِسرائیل میں جُوج کو ایک گورِستان دُوں گا یعنی رہگُذروں کی وادی جو سمُندر کے مشرِق میں ہے ۔ اُس سے رہگُذروں کی راہ بند ہو گی اور وہاں جُوج کو اور اُس کی تمام جمعِیّت کو دفن کریں گے اور جمعِیّتِ جُوج کی وادی اُس کا نام رکھّیں گے۔

12. اور سات مہِینوں تک بنی اِسرائیل اُن کو دفن کرتے رہیں گے تاکہ مُلک کو صاف کریں۔

13. ہاں اُس مُلک کے سب لوگ اُن کو دفن کریں گے اور یہ اُن کے لِئے ناموَری کا سبب ہو گا جِس روز میری تمجِید ہو گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

14. اور وہ چند آدمِیوں کو چُن لیں گے جو اِس کام میں ہمیشہ مشغُول رہیں گے اور وہ زمِین پر گُذرتے ہُوئے رہگُذروں کی مدد سے اُن کو جو سطحِ زمِین پر پڑے رہ گئے ہوں دفن کریں گے تاکہ اُسے صاف کریں ۔ پُورے سات مہِینوں کے بعد تلاش کریں گے۔

حِزقی ایل 39