حِزقی ایل 39:13-23 Urdu Bible Revised Version (URD)

13. ہاں اُس مُلک کے سب لوگ اُن کو دفن کریں گے اور یہ اُن کے لِئے ناموَری کا سبب ہو گا جِس روز میری تمجِید ہو گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

14. اور وہ چند آدمِیوں کو چُن لیں گے جو اِس کام میں ہمیشہ مشغُول رہیں گے اور وہ زمِین پر گُذرتے ہُوئے رہگُذروں کی مدد سے اُن کو جو سطحِ زمِین پر پڑے رہ گئے ہوں دفن کریں گے تاکہ اُسے صاف کریں ۔ پُورے سات مہِینوں کے بعد تلاش کریں گے۔

15. اور جب وہ مُلک میں سے گُذریں اور اُن میں سے کوئی کِسی آدمی کی ہڈّی دیکھے تو اُس کے پاس ایک نِشان کھڑا کرے گا جب تک دفن کرنے والے جمعِیّتِ جُوج کی وادی میں اُسے دفن نہ کریں۔

16. اور شہر بھی جمعِیّت کہلائے گا۔ یُوں وہ زمِین کو پاک کریں گے۔

17. اور اَے آدم زاد خُداوند خُدا فرماتا ہے ہر قِسم کے پرِندے اور مَیدان کے ہر ایک جانور سے کہہ جمع ہو کرآؤ میرے اُس ذبِیحہ پر جِسے مَیں تُمہارے لِئے ذبح کرتا ہُوں ہاں اِسرائیل کے پہاڑوں پر ایک بڑے ذبِیحہ پر ہرطرف سے جمع ہو تاکہ تُم گوشت کھاؤ اور خُون پِیو۔

18. تُم بہادُروں کا گوشت کھاؤ گے اور زمِین کے اُمراکا خُون پِیو گے ۔ ہاں مینڈھوں ۔ برّوں ۔ بکروں اور بَیلوں کا ۔ وہ سب کے سب بسن کے فربِہ ہیں۔

19. اور تُم میرے ذبِیحہ کی جِسے مَیں نے تُمہارے لِئے ذبح کِیا یہاں تک چربی کھاؤ گے کہ سیر ہو جاؤ گے اوراِتنا خُون پِیو گے کہ مَست ہو جاؤ گے۔

20. اور تُم میرے دسترخوان پر گھوڑوں اور سواروں سے اور بہادُروں اور تمام جنگی مَردوں سے سیر ہو گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

21. اور مَیں قَوموں کے درمِیان اپنی بزُرگی ظاہِر کرُوں گااور تمام قَومیں میری سزا کو جو مَیں نے دی اور میرے ہاتھ کو جو مَیں نے اُن پر رکھّا دیکھیں گی۔

22. اور بنی اِسرائیل جانیں گے کہ اُس دِن سے لے کر آگے کو مَیں ہی خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔

23. اور قَومیں جانیں گی کہ بنی اِسرائیل اپنی بدکرداری کے سبب سے اسِیری میں گئے ۔ چُونکہ وہ مُجھ سے باغی ہُوئے اِس لِئے مَیں نے اُن سے مُنہ چُھپایا اور اُن کو اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ میں کر دِیا اور وہ سب کے سب تلوار سے قتل ہُوئے۔

حِزقی ایل 39