27. کیا وہ اُن بہادُروں کے ساتھ جو نامختُونوں میں سے قتل ہُوئے جو اپنے جنگ کے ہتھیاروں سمیت پاتال میں اُتر گئے پڑے نہ رہیں گے؟ اُن کی تلواریں اُن کے سروں کے نِیچے رکھّی ہیں اور اُن کی بدکرداری اُن کی ہڈِّیوں پر ہے کیونکہ وہ زِندوں کی زمِین میں بہادُروں کے لِئے ہَیبت کا باعِث تھے۔
28. اور تُو نامختُونوں کے درمِیان توڑا جائے گا اور تلوارکے مقتُولوں کے ساتھ پڑا رہے گا۔
29. وہاں ادُو م بھی ہے ۔ اُس کے بادشاہ اور اُس کے سب اُمراجو باوُجُود اپنی قُوّت کے تلوار کے مقتُولوں میں رکھّے گئے ہیں ۔ وہ نامختُونوں اور پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ پڑے رہیں گے۔
30. شِمال کے تمام اُمرا اور تمام صَیدانی جو مقتُولوں کے ساتھ پاتال میں اُتر گئے باوُجُود اپنے رُعب کے اپنی زورآوری سے شرمِندہ ہُوئے۔ وہ تلوار کے مقتُولوں کے ساتھ نامختُون پڑے رہیں گے اور پاتال میں اُترنے والوں کے ساتھ رُسوائی اُٹھائیں گے۔