حِزقی ایل 32:1-14 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. بارھویں برس کے بارھویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2. کہ اَے آدم زاد شاہِ مِصر فِرعو ن پر نَوحہ اُٹھا اور اُسے کہہ تُو قَوموں کے درمِیان جوان شیرِ بَبر کی مانِند تھا اور تُو دریاؤں کے گھڑیال سا ہے ۔ تُو اپنی نہروں میں سے ناگاہ نِکل آتا ہے اور تُو نے اپنے پاؤں سے پانی کو تہ و بالا کِیا اور اُن کی نہروں کو گدلا کر دِیا۔

3. خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اُمّتوں کے انبوہ کے ساتھ تُجھ پر اپنا جال ڈالُوں گا اور وہ تُجھے میرے ہی جال میں باہر نِکالیں گے۔

4. تب مَیں تُجھے خُشکی میں چھوڑ دُوں گا اور کُھلے مَیدان پر تُجھے پھینکُوں گا اور ہوا کے سب پرِندوں کو تُجھ پر بِٹھاؤُں گا اور تمام رُویِ زمِین کے درِندوں کو تُجھ سے سیر کرُوں گا۔

5. اور تیرا گوشت پہاڑوں پر ڈالُوں گا اور وادیوں کو تیری بُلندی سے بھر دُوں گا۔

6. اور مَیں اُس سرزمِین کو جِس کے پانی میں تُو تَیرتا تھا پہاڑوں تک تیرے لہُو سے تر کرُوں گا اور نہریں تُجھ سے لبریز ہوں گی۔

7. اور جب مَیں تُجھے نابُود کرُوں گا تو آسمان کو تارِیک اور اُس کے سِتاروں کو بے نُور کرُوں گا ۔ سُورج کو بادل سے چُھپاؤُں گا اور چاند اپنی رَوشنی نہ دے گا۔

8. اور مَیں تمام نُورانی اجرامِ فلک کو تُجھ پر تارِیک کرُوں گا اور میری طرف سے تیری زمِین پر تارِیکی چھا جائے گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

9. اور جب مَیں تیری شِکستہ حالی کی خبر کو قَوموں کے درمِیان اُن مُلکوں میں جِن سے تُو ناواقِف ہے پُہنچاؤُں گا تو اُمّتوں کا دِل آزُردہ کرُوں گا۔

10. بلکہ بُہت سی اُمّتوں کو تیرے حال سے حَیران کرُوں گا اور اُن کے بادشاہ تیرے سبب سے سخت ترسان ہوں گے ۔ جب مَیں اُن کے سامنے اپنی تلوار چمکاؤُں گا تو اُن میں سے ہر ایک اپنی جان کی خاطِر تیرے گِرنے کے دِن ہر دم تھرتھرائے گا۔

11. کیونکہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ شاہِ بابل کی تلوار تُجھ پر چلے گی۔

12. مَیں تیری جمعیّت کو زبردستوں کی تلوار سے جو سب کے سب قَوموں میں ہَیبت ناک ہیں ہلاک کرُوں گا اور وہ مِصر کی شَوکت کو مَوقُوف اور اُس کی تمام جمعِیّت کو نیست کریں گے۔

13. اور مَیں اُس کے سب جانوروں کو آبِ کثِیر کے پاس سے نابُود کرُوں گا اور آگے کو نہ اِنسان کے پاؤں اُسے گدلا کریں گے نہ حَیوان کے سُم۔

14. تب مَیں اُن کا پانی صاف کر دُوں گا اور اُن کی ندِیاں رَوغن کی طرح جاری ہوں گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

حِزقی ایل 32