حِزقی ایل 10:5-13 Urdu Bible Revised Version (URD)

5. اور کرُّوبِیوں کے پروں کی صدا باہر کے صحن تک سُنائی دیتی تھی جَیسے قادِر مُطلق خُدا کی آواز جب وہ کلام کرتا ہے۔

6. اور یُوں ہُؤا کہ جب اُس نے اُس شخص کو جو کتانی لِباس پہنے تھا حُکم کِیا کہ وہ پہئے کے اندر سے اور کرُّوبِیوں کے درمِیان سے آگ لے تب وہ اندر گیا اور پہئے کے پاس کھڑا ہُؤا۔

7. اور کرُّوبِیوں میں سے ایک کرُّوبی نے اپنا ہاتھ اُس آگ کی طرف جو کرُّوبِیوں کے درمِیان تھی بڑھایا اور آگ لے کر اُس شخص کے ہاتھوں پر جو کتانی لِباس پہنے تھا رکھّی ۔ وہ لے کر باہر چلا گیا۔

8. اور کرُّوبِیوں کے درمِیان اُن کے پروں کے نِیچے اِنسان کے ہاتھ کی سی صُورت نظر آئی۔

9. اور مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ چار پہئے کرُّوبِیوں کے آس پاس ہیں ۔ ایک کرُّوبی کے پاس ایک پہیا اور دُوسرے کرُّوبی کے پاس دُوسرا پہیا تھا اور اُن پہیوں کا جلوہ دیکھنے میں زبرجد کا سا تھا۔

10. اور اُن کی شکل ایک ہی طرح کی تھی ۔ جَیسے پہیا پہئے کے اندر ہو۔

11. جب وہ چلتے تھے تو اپنی چاروں طرف پر چلتے تھے ۔ وہ چلتے ہُوئے مُڑتے نہ تھے ۔ جِس طرف کو سر کا رُخ ہوتا تھا اُسی طرف اُس کے پِیچھے پِیچھے جاتے تھے ۔ وہ چلتے ہُوئے مُڑتے نہ تھے۔

12. اور اُن کے تمام بدن اور پِیٹھ اور ہاتھوں اور پروں اور اُن پہیوں میں گِردا گِرد آنکھیں ہی آنکھیں تِھیں یعنی اُن چاروں کے پہیوں میں۔

13. اِن پہیوں کو میرے سُنتے ہُوئے چرخ کہا گیا۔

حِزقی ایل 10