اِستِثنا 4:22-30 Urdu Bible Revised Version (URD)

22. بلکہ مُجھے اِسی مُلک میں مَرنا ہے ۔ مَیں یَردن پار نہیں جا سکتا ۔ لیکن تُم پار جا کر اُس اچھّے مُلک پر قبضہ کرو گے۔

23. سو تُم اِحتیاط رکھّو تا نہ ہو کہ تُم خُداوند اپنے خُدا کے اُس عہد کو جو اُس نے تُم سے باندھا ہے بُھول جاؤ اور اپنے لِئے کِسی چِیز کی شبِیہ کی کھودی ہُوئی مُورت بنا لو جِس سے خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو منع کِیا ہے۔

24. کیونکہ خُداوند تیرا خُدا بھسم کرنے والی آگ ہے ۔ وہ غیُور خُدا ہے۔

25. اور جب تُجھ سے بیٹے اور پوتے پَیدا ہوں اور تُم کو اُس مُلک میں رہتے ہُوئے ایک مُدّت ہو جائے اور تُم بِگڑ کر کِسی چِیز کی شبِیہ کی کھودی ہُوئی مُورت بنا لو اور خُداوند اپنے خُدا کے حضُور شرارت کر کے اُسے غُصّہ دِلاؤ۔

26. تو مَیں آج کے دِن تُمہارے برخِلاف آسمان اور زمِین کو گواہ بناتا ہُوں کہ تُم اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کو یَردن پار جانے پر ہو جلد بِالکُل فنا ہو جاؤ گے ۔ تُم وہاں بُہت دِن رہنے نہ پاؤ گے بلکہ بِالکُل نابُود کر دِئے جاؤ گے۔

27. اور خُداوند تُم کو قَوموں میں تِتّربِتّر کرے گا اور جِن قَوموں کے درمیان خُداوند تُم کو پُہنچائے گا اُن میں تُم تھوڑے سے رہ جاؤ گے۔

28. اور وہاں تُم آدمِیوں کے ہاتھ کے بنے ہُوئے لکڑی اور پتّھر کے دیوتاؤں کی عِبادت کرو گے جو نہ دیکھتے نہ سُنتے نہ کھاتے نہ سُونگھتے ہیں۔

29. لیکن وہاں بھی اگر تُم خُداوند اپنے خُدا کے طالِب ہو تو وہ تُجھ کو مِل جائے گا بشرطیکہ تُو اپنے پُورے دِل سے اور اپنی ساری جان سے اُسے ڈُھونڈے۔

30. جب تُو مُصِیبت میں پڑے گا اور یہ سب باتیں تُجھ پر گُذریں گی تو آخِری دِنوں میں تُو خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے گا اور اُس کی مانے گا۔

اِستِثنا 4