1. اور اب اَے اِسرائیلیو! جو آئِین اور احکام مَیں تُم کو سِکھاتا ہُوں تُم اُن پر عمل کرنے کے لِئے اُن کو سُن لو تاکہ تُم زِندہ رہو اور اُس مُلک میں جِسے خُداوند تُمہارے باپ دادا کا خُدا تُم کو دیتا ہے داخِل ہو کر اُس پر قبضہ کر لو۔
2. جِس بات کا مَیں تُم کو حُکم دیتا ہُوں اُس میں نہ تو کُچھ بڑھانا اور نہ کُچھ گھٹانا تاکہ تُم خُداوند اپنے خُدا کے احکام کو جو مَیں تُم کو بتاتا ہُوں مان سکو۔
3. جو کُچھ خُداوند نے بَعل فغُور کے سبب سے کِیا وہ تُم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کیونکہ اُن سب آدمِیوں کو جِنہوں نے بَعل فغُور کی پَیروی کی خُداوند تیرے خُدا نے تیرے بیچ سے نابُود کر دِیا۔
4. پر تُم جو خُداوند اپنے خُدا سے لِپٹے رہے ہو سب کے سب آج تک زِندہ ہو۔
5. دیکھو! جَیسا خُداوند میرے خُدا نے مُجھے حُکم دِیا اُس کے مُطابِق مَیں نے تُم کو آئِین اور احکام سِکھا دِئے ہیں تاکہ اُس مُلک میں اُن پر عمل کرو جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے جا رہے ہو۔
6. سو تُم اِن کو ماننا اور عمل میں لانا کیونکہ اَور قَوموں کے سامنے یِہی تُمہاری عقل اور دانِش ٹھہریں گے ۔ وہ اِن تمام آئِین کو سُن کر کہیں گی کہ یقِیناً یہ بزُرگ قَوم نِہایت عقل مند اور دانِشور ہے۔