5. اور خُداوند اُن کو تُم سے شِکست دِلائے گا اور تُم اُن سے اُن سب حُکموں کے مُطابِق پیش آنا جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔
6. تُومضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ ۔ مت ڈر اور نہ اُن سے خَوف کھا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا خُود ہی تیرے ساتھ جاتا ہے ۔ وہ تُجھ سے دست بردار نہیں ہو گا اور نہ تُجھ کو چھوڑے گا۔
7. پِھر مُوسیٰ نے یشُو ع کو بُلا کر سب اِسرائیلِیوں کے سامنے اُس سے کہا کہ تُو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو اِس قَوم کے ساتھ اُس مُلک میں جائے گا جِس کو خُداوند نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھا کر دینے کو کہا تھا اور تُو اُن کو اُس کا وارِث بنائے گا۔
8. اور خُداوند ہی تیرے آگے آگے چلے گا ۔ وہ تیرے ساتھ رہے گا ۔ وہ تُجھ سے نہ دست بردار ہو گا نہ تُجھے چھوڑے گا سو تُو خَوف نہ کر اور بے دِل نہ ہو۔
9. اور مُوسیٰ نے اِس شرِیعت کو لِکھ کر اُسے کاہِنوں کے جو بنی لاوی اور خُداوند کے عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے تھے اور اِسرا ئیل کے سب بزُرگوں کے سپُرد کِیا۔
10. پِھر مُوسیٰ نے اُن کو یہ حُکم دِیا کہ ہر سات برس کے آخِر میں چُھٹکارے کے سال کے مُعیّن وقت پر عِیدِ خیام میں۔
11. جب سب اِسرائیلی خُداوند تیرے خُدا کے حضُور اُس جگہ آکر حاضِر ہوں جِسے وہ خُود چُنے گا تو تُو اِس شرِیعت کو پڑھ کر سب اِسرائیلِیوں کو سُنانا۔
12. تُو سب لوگوں کو یعنی مَردوں اور عَورتوں اور بچّوں اور اپنی بستِیوں کے مُسافِروں کو جمع کرنا تاکہ وہ سُنیں اور سِیکھیں اور خُداوند تُمہارے خُدا کا خَوف مانیں اور اِس شرِیعت کی سب باتوں پر اِحتیاط رکھ کر عمل کریں۔
13. اور اُن کے لڑکے جِن کو کُچھ معلُوم نہیں وہ بھی سُنیں اور جب تک تُم اُس مُلک میں جِیتے رہو جِس پر قبضہ کرنے کو تُم یَردن پار جاتے ہو تب تک وہ برابر خُداوند تُمہارے خُدا کا خَوف ماننا سِیکھیں۔
14. پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ دیکھ تیرے مَرنے کے دِن آ پُہنچے ۔ سو تُو یشُوع کو بُلا لے اور تُم دونوں خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہو جاؤ تاکہ مَیں اُسے ہدایت کرُوں ۔ چُنانچہ مُوسیٰ اور یشُوع روانہ ہو کر خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہُوئے۔
15. اور خُداوند ابر کے سُتُون میں ہو کر خَیمہ میں نمُودار ہُؤا اور ابر کا سُتُون خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہر گیا۔
16. تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا دیکھ تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا اور یہ لوگ اُٹھ کر اُس مُلک کے اجنبی دیوتاؤں کی پَیروی میں جِن کے بِیچ وہ جا کر رہیں گے زِنا کار ہو جائیں گے اور مُجھ کو چھوڑ دیں گے اور اُس عہد کو جو مَیں نے اُن کے ساتھ باندھا ہے توڑ ڈالیں گے۔
17. تب اُس وقت میرا قہر اُن پر بھڑکے گا اور مَیں اُن کو چھوڑ دُوں گا اور اُن سے اپنا مُنہ چُھپالُوں گا اور وہ نِگل لِئے جائیں گے اور بُہت سی بلائیں اورمُصِیبتیں اُن پر آئیں گی چُنانچہ وہ اُس دِن کہیں گے کیا ہم پر یہ بلائیں اِسی سبب سے نہیں آئِیں کہ ہمارا خُدا ہمارے درمیان نہیں؟۔
18. اُس وقت اُن سب بدیوں کے سبب سے جو اَور معبُودوں کی طرف مائِل ہو کر اُنہوں نے کی ہوں گی مَیں ضرُور اپنا مُنہ چُھپالُوں گا۔