21. اور یُوں ہو گا کہ جب بُہت سی بلائیں اور مُصِیبتیں اُن پر آئیں گی تو یہ گِیت گواہ کی طرح اُن پر شہادت دے گا اِس لِئے کہ اِسے اُن کی اَولاد کبھی نہیں بُھولے گی کیونکہ اِس وقت بھی اُن کو اُس مُلک میں پُہنچانے سے پیشتر جِس کی قَسم مَیں نے کھائی ہے مَیں اُن کے خیال کو جِس میں وہ ہیں جانتا ہُوں۔
22. سو مُوسیٰ نے اُسی دِن اِس گِیت کو لِکھ لِیا اور اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھایا۔
23. اور اُس نے نُون کے بیٹے یشُوع کو ہدایت کی اور کہا مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو بنی اِسرائیل کو اُس مُلک میں لے جائے گا جِس کی قَسم مَیں نے اُن سے کھائی تھی اور مَیں تیرے ساتھ رہُوں گا۔
24. اور اَیسا ہُؤا کہ جب مُوسیٰ اِس شرِیعت کی باتوں کو ایک کِتاب میں لِکھ چُکا اور وہ ختم ہو گئِیں۔
25. تو مُوسیٰ نے لاوِیوں سے جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا کرتے تھے کہا کہ۔
26. اِس شرِیعت کی کِتاب کو لے کر خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے پاس رکھ دو تاکہ وہ تیرے برخِلاف گواہ رہے۔
27. کیونکہ مَیں تیری بغاوت اور گردن کشی کو جانتا ہُوں ۔ دیکھو ابھی تو میرے جِیتے جی تُم خُداوند سے بغاوت کرتے رہے ہو تو میرے مَرنے کے بعد کِتنا زِیادہ نہ کرو گے؟۔
28. تُم اپنے قبِیلوں کے سب بزُرگوں اور منصب داروں کو میرے پاس جمع کرو تاکہ مَیں یہ باتیں اُن کے کانوں میں ڈال دُوں اور آسمان اور زمِین کو اُن کے برخِلاف گواہ بناؤں۔
29. کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ میرے مَرنے کے بعد تُم اپنے کو بِگاڑ لو گے اور اُس طرِیق سے جِس کا مَیں نے تُم کو حُکم دِیا ہے پِھر جاؤ گے ۔ تب آخِری ایّام میں تُم پر آفت ٹُوٹے گی کیونکہ تُم اپنی کرنیوں سے خُداوند کو غُصّہ دِلانے کے لِئے وہ کام کرو گے جو اُس کی نظر میں بُرا ہے۔
30. سو مُوسیٰ نے اِس گِیت کی باتیں اِسرا ئیل کی ساری جماعت کو آخِر تک کہہ سُنائِیں۔