16. تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا دیکھ تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا اور یہ لوگ اُٹھ کر اُس مُلک کے اجنبی دیوتاؤں کی پَیروی میں جِن کے بِیچ وہ جا کر رہیں گے زِنا کار ہو جائیں گے اور مُجھ کو چھوڑ دیں گے اور اُس عہد کو جو مَیں نے اُن کے ساتھ باندھا ہے توڑ ڈالیں گے۔
17. تب اُس وقت میرا قہر اُن پر بھڑکے گا اور مَیں اُن کو چھوڑ دُوں گا اور اُن سے اپنا مُنہ چُھپالُوں گا اور وہ نِگل لِئے جائیں گے اور بُہت سی بلائیں اورمُصِیبتیں اُن پر آئیں گی چُنانچہ وہ اُس دِن کہیں گے کیا ہم پر یہ بلائیں اِسی سبب سے نہیں آئِیں کہ ہمارا خُدا ہمارے درمیان نہیں؟۔
18. اُس وقت اُن سب بدیوں کے سبب سے جو اَور معبُودوں کی طرف مائِل ہو کر اُنہوں نے کی ہوں گی مَیں ضرُور اپنا مُنہ چُھپالُوں گا۔
19. سو تُم یہ گِیت اپنے لِئے لِکھ لو اور تُو اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھانا اور اُن کو حِفظ کرا دینا تاکہ یہ گِیت بنی اِسرائیل کے خِلاف میرا گواہ رہے۔
20. اِس لِئے کہ جب مَیں اُن کو اُس مُلک میں جِس کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے پُہنچا دُوں گا اور وہ خُوب کھا کھا کر موٹے ہو جائیں گے تب وہ اَور معبُودوں کی طرف پِھر جائیں گے اور اُن کی عِبادت کریں گے اور مُجھے حقیر جانیں گے اور میرے عہد کو توڑ ڈالیں گے۔
21. اور یُوں ہو گا کہ جب بُہت سی بلائیں اور مُصِیبتیں اُن پر آئیں گی تو یہ گِیت گواہ کی طرح اُن پر شہادت دے گا اِس لِئے کہ اِسے اُن کی اَولاد کبھی نہیں بُھولے گی کیونکہ اِس وقت بھی اُن کو اُس مُلک میں پُہنچانے سے پیشتر جِس کی قَسم مَیں نے کھائی ہے مَیں اُن کے خیال کو جِس میں وہ ہیں جانتا ہُوں۔
22. سو مُوسیٰ نے اُسی دِن اِس گِیت کو لِکھ لِیا اور اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھایا۔
23. اور اُس نے نُون کے بیٹے یشُوع کو ہدایت کی اور کہا مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو بنی اِسرائیل کو اُس مُلک میں لے جائے گا جِس کی قَسم مَیں نے اُن سے کھائی تھی اور مَیں تیرے ساتھ رہُوں گا۔
24. اور اَیسا ہُؤا کہ جب مُوسیٰ اِس شرِیعت کی باتوں کو ایک کِتاب میں لِکھ چُکا اور وہ ختم ہو گئِیں۔
25. تو مُوسیٰ نے لاوِیوں سے جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا کرتے تھے کہا کہ۔
26. اِس شرِیعت کی کِتاب کو لے کر خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے پاس رکھ دو تاکہ وہ تیرے برخِلاف گواہ رہے۔