اِستِثنا 30:6-15 Urdu Bible Revised Version (URD)

6. اور خُداوند تیرا خُدا تیرے اور تیری اَولاد کے دِل کا خَتنہ کرے گا تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مُحبّت رکھّے اور جِیتا رہے۔

7. اور خُداوند تیرا خُدا یہ سب لَعنتیں تیرے دُشمنوں اور کِینہ رکھنے والوں پر جِنہوں نے تُجھ کو ستایا نازِل کرے گا۔

8. اور تُو لَوٹے گا اور خُداوند کی بات سُنے گا اور اُس کے سب حُکموں پر جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں عمل کرے گا۔

9. اور خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تیرے کاروبار اور آس اَولاد اور چَوپایوں کے بچّوں اور زمِین کی پَیداوارکے لِحاظ سے تیری بھلائی کی خاطِر تُجھ کو برومند کرے گا کیونکہ خُداوند تیری ہی بھلائی کی خاطِر پِھر تُجھ سے خُوش ہو گا جَیسے وہ تیرے باپ دادا سے خُوش تھا۔

10. بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو سُن کر اُس کے احکام اور آئِین کو مانے جو شرِیعت کی اِس کِتاب میں لِکھے ہیں اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے۔

11. کیونکہ وہ حُکم جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تیرے لِئے بُہت مُشکِل نہیں اور نہ وہ دُور ہے۔

12. وہ آسمان پر تو ہے نہیں کہ تُو کہے کہ آسمان پر کَون ہماری خاطِرچڑھے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟۔

13. اور نہ وہ سمُندر پار ہے کہ تُو کہے کہ سمُندر پار کَون ہماری خاطِر جائے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟۔

14. بلکہ وہ کلام تیرے بُہت نزدِیک ہے ۔ وہ تیرے مُنہ میں اور تیرے دِل میں ہے تاکہ تُو اُس پر عمل کرے۔

15. دیکھ مَیں نے آج کے دِن زِندگی اور بھلائی کو اور مَوت اور بُرائی کو تیرے آگے رکھّا ہے۔

اِستِثنا 30