14. اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا تیری خَیمہ گاہ میں پِھرا کرتا ہے تاکہ تُجھ کو بچائے اور تیرے دُشمنوں کو تیرے ہاتھ میں کر دے سو تیری خَیمہ گاہ پاک رہے تا نہ ہو کہ وہ تُجھ میں نجاست کو دیکھ کر تُجھ سے پِھر جائے۔
15. اگر کِسی کا غُلام اپنے آقا کے پاس سے بھاگ کر تیرے پاس پناہ لے تو تُو اُسے اُس کے آقا کے حَوالہ نہ کر دینا۔
16. بلکہ وہ تیرے ساتھ تیرے ہی درمیان تیری بستِیوں میں سے جو اُسے اچّھی لگے اُسے چُن کر اُسی جگہ رہے ۔ سو تُو اُسے ہرگِز نہ ستانا۔
17. اِسرائیلی لڑکِیوں میں کوئی فاحِشہ نہ ہو اور نہ اِسرائیلی لڑکوں میں کوئی لُوطی ہو۔
18. تُو کِسی فاحِشہ کی خرچی یا کُتّے کی اُجرت کِسی مَنّت کے لِئے خُداوند اپنے خُدا کے گھر میں نہ لانا کیونکہ یہ دونوں خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہیں۔
19. تُو اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دینا خواہ وہ رُوپَے کا سُود ہو یا اناج کا سُود یا کِسی اَیسی چِیز کا سُود ہو جو بیاج پر دی جایا کرتی ہے۔
20. تُو پردیسی کو سُود پر قرض دے تو دے پر اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دینا تاکہ خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِس پر تُو قبضہ کرنے جا رہا ہے تیرے سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت دے۔
21. جب تُو خُداوند اپنے خُدا کی خاطِر مَنّت مانے تو اُس کے پُورا کرنے میں دیر نہ کرنا اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا ضرُور اُس کو تُجھ سے طلب کرے گا تب تُو گُنہگار ٹھہرے گا۔
22. لیکن اگر تُو مَنّت نہ مانے تو تیرا کوئی گُناہ نہیں۔
23. جو کُچھ تیرے مُنہ سے نِکلے اُسے دھیان کر کے پُورا کرنا اور جَیسی مَنّت تُو نے خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مانی ہو اُس کے مُطابِق رضا کی قُربانی جِس کا وعدہ تیری زُبان سے ہُؤا گُذراننا۔