اِستِثنا 19:6-14 Urdu Bible Revised Version (URD)

6. تا اَیسا نہ ہو کہ راستہ کی لمبائی کے سبب سے خُون کا اِنتِقام لینے والا اپنے جوشِ غضب میں خُونی کا پِیچھا کر کے اُس کو جا پکڑے اور اُسے قتل کرے حالانکہ وہ واجِبُ القتل نہیں کیونکہ اُسے مقتُول سے قدِیمی عداوت نہ تھی۔

7. اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کہ تُو اپنے لِئے تِین شہر الگ کر دینا۔

8. اور اگر خُداوند تیرا خُدا اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تیری سرحد کو بڑھا کر وہ سب مُلک جِس کے دینے کا وعدہ اُس نے تیرے باپ دادا سے کِیا تھا تُجھ کو دے۔

9. اور تُو اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں دِھیان کر کے عمل کرے اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور ہمیشہ اُس کی راہوں پر چلے تو اِن تِین شہروں کے عِلاوہ تِین شہر اَور اپنے لِئے الگ کر دینا۔

10. تاکہ تیرے مُلک کے بِیچ جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث میں دیتا ہے بے گُناہ کا خُون بہایا نہ جائے اور وہ خُون یُوں تیری گردن پر ہو۔

11. لیکن اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ سے عداوت رکھتا ہُؤا اُس کی گھات میں لگے اور اُس پر حملہ کر کے اُسے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے اور وہ خُود اُن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ جائے۔

12. تو اُس کے شہر کے بزُرگ لوگوں کو بھیج کر اُسے وہاں سے پکڑوا منگوائیں اور اُس کو خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ میں حوالہ کریں تاکہ وہ قتل ہو۔

13. تُجھ کو اُس پر ذرا ترس نہ آئے بلکہ تُو اِس طرح بے گُناہ کے خُون کو اِسرا ئیل سے دفع کرنا تاکہ تیرا بھلا ہو۔

14. تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے اپنے ہمسایہ کی حدّ کا نِشان جِس کو اگلے لوگوں نے تیری مِیراث کے حِصّہ میں ٹھہرایا ہو مت ہٹانا۔

اِستِثنا 19