5. مثلاً کوئی شخص اپنے ہمسایہ کے ساتھ لکڑِیاں کاٹنے کو جنگل میں جائے اور کُلہاڑا ہاتھ میں اُٹھائے تاکہ درخت کاٹے اور کُلہاڑا دستے سے نِکل کر اُس کے ہمسایہ کے جا لگے اور وہ مَر جائے تو وہ اِن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ کر جِیتا بچے۔
6. تا اَیسا نہ ہو کہ راستہ کی لمبائی کے سبب سے خُون کا اِنتِقام لینے والا اپنے جوشِ غضب میں خُونی کا پِیچھا کر کے اُس کو جا پکڑے اور اُسے قتل کرے حالانکہ وہ واجِبُ القتل نہیں کیونکہ اُسے مقتُول سے قدِیمی عداوت نہ تھی۔
7. اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کہ تُو اپنے لِئے تِین شہر الگ کر دینا۔
8. اور اگر خُداوند تیرا خُدا اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تیری سرحد کو بڑھا کر وہ سب مُلک جِس کے دینے کا وعدہ اُس نے تیرے باپ دادا سے کِیا تھا تُجھ کو دے۔
9. اور تُو اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں دِھیان کر کے عمل کرے اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور ہمیشہ اُس کی راہوں پر چلے تو اِن تِین شہروں کے عِلاوہ تِین شہر اَور اپنے لِئے الگ کر دینا۔
10. تاکہ تیرے مُلک کے بِیچ جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث میں دیتا ہے بے گُناہ کا خُون بہایا نہ جائے اور وہ خُون یُوں تیری گردن پر ہو۔