2. اِس لِئے اُن کے بھائِیوں کے ساتھ اُن کو مِیراث نہ مِلے ۔ خُداوند اُن کی مِیراث ہے جَیسا اُس نے خُود اُن سے کہا ہے۔
3. اور جو لوگ گائے بَیل یا بھیڑ یا بکری کی قُربانی گُذرانتے ہیں اُن کی طرف سے کاہِنوں کا یہ حق ہو گا کہ وہ کاہِن کو شانہ اور کنپٹِیاں اور جھوجھ دیں۔
4. اور تُو اپنے اناج اور مَے اور تیل کے پہلے پَھل میں سے اور اپنی بھیڑوں کے بال میں سے جو پہلی دفعہ کُترے جائیں اُسے دینا۔
5. کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے اُس کو تیرے سب قبِیلوں میں سے چُن لِیا ہے تاکہ وہ اور اُس کی اَولاد ہمیشہ خُداوند کے نام سے خِدمت کے لِئے حاضِر رہیں۔
6. اور تیری جو بستِیاں سب اِسرائیلِیوں میں ہیں اُن میں سے اگر کوئی لاوی کِسی بستی سے جہاں وہ بُود و باش کرتا تھا آئے اور اپنے دِل کی پُوری رغبت سے اُس جگہ حاضِر ہو جِس کو خُداوند چُنے گا۔
7. تو اپنے سب لاوی بھائِیوں کی طرح جو وہاں خُداوند کے حضُور کھڑے رہتے ہیں وہ بھی خُداوند اپنے خُدا کے نام سے خِدمت کرے۔
8. اور اُن سب کو کھانے کو برابر حِصّہ مِلے ۔ سِوا اُس دام کے جو اُس کے باپ دادا کی مِیراث بیچنے سے اُسے حاصِل ہو۔
9. جب تُو اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے پُہنچ جائے تو وہاں کی قَوموں کی طرح مکرُوہ کام کرنے نہ سِیکھنا۔
10. تُجھ میں ہرگِز کوئی اَیسا نہ ہو جو اپنے بیٹے یا بیٹی کو آگ میں چلوائے یا فالگِیریا شگُون نِکالنے والا یا افسُون گر یا جادُوگر۔
11. یا منتری یا جِنّات کا آشنا یا رمّال یا ساحِر ہو۔