اِستِثنا 16:13-22 Urdu Bible Revised Version (URD)

13. جب تُو اپنے کھلِیہان اور کولُھو کا مال جمع کر چُکے تو سات دِن تک عِیدِ خیام کرنا۔

14. اور تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور غُلام اور لَونڈِیاں اور لاوی اور مُسافِر اور یتِیم اور بیوہ جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہوں سب تیری اِس عِید میں خُوشی منائیں۔

15. سات دِن تک تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُسی جگہ جِسے خُداوند چُنے عِید کرنا اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا تیرے سارے مال میں اور سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت بخشے گا ۔ سو تُو پُوری پُوری خُوشی کرنا۔

16. اور سال میں تِین بار یعنی بے خمِیری روٹی کی عِید اور ہفتوں کی عِید اور عِید ِ خیام کے مَوقع پر تیرے ہاں کے سب مَرد خُداوند اپنے خُدا کے آگے اُسی جگہ حاضِر ہُؤا کریں جِسے وہ چُنے گا اور جب آئیں تو خُداوند کے حضُور خالی ہاتھ نہ آئیں۔

17. بلکہ ہر مَرد جَیسی برکت خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو بخشی ہو اپنی تَوفِیق کے مُطابِق دے۔

18. تُو اپنے قبِیلوں کی سب بستیوں میں جِن کو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دے قاضی اور حاکِم مُقرّر کرنا جو صداقت سے لوگوں کی عدالت کریں۔

19. تُو اِنصاف کا خُون نہ کرنا ۔ تُو نہ تو کِسی کی رُو رِعایت کرنا اور نہ رِشوت لینا کیونکہ رِشوت دانِش مند کی آنکھوں کو اندھا کر دیتی ہے اور صادِق کی باتوں کو پلٹ دیتی ہے۔

20. جو کُچھ بِالکُل حق ہے تُو اُسی کی پَیروی کرنا تاکہ تُو جِیتا رہے اور اُس مُلک کا مالِک بن جائے جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے۔

21. جو مذبح تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے بنائے اُس کے قرِیب کِسی قِسم کے درخت کی یسِیرت نہ لگانا۔

22. اور نہ کوئی سُتُون اپنے لِئے کھڑا کر لینا جِس سے خُداوند تیرے خُدا کو نفرت ہے۔

اِستِثنا 16