اِستِثنا 12:1-16 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. جب تک تُم دُنیا میں زِندہ رہو تُم اِحتیاط کر کے اِن ہی آئِین اور احکام پر اُس مُلک میں عمل کرنا جِسے خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تُجھ کو دِیا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے۔

2. وہاں تُم ضرُور اُن سب جگہوں کو نیست و نابُود کر دیناجہاں جہاں وہ قَومیں جِن کے تُم وارِث ہو گے اُونچے اُونچے پہاڑوں پر اور ٹیلوں پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے اپنے دیوتاؤں کی پُوجا کرتی تِھیں۔

3. تُم اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا اور اُن کے سُتُونوں کو توڑ ڈالنا اور اُن کی یسِیرتوں کو آگ لگا دینا اور اُن کے دیوتاؤں کی کُھدی ہُوئی مُورتوں کو کاٹ کر گِرا دینا اور اُس جگہ سے اُن کے نام تک کو مِٹا ڈالنا۔

4. پر خُداوند اپنے خُدا سے اَیسا نہ کرنا۔

5. بلکہ جِس جگہ کو خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارے سب قبِیلوں میں سے چُن لے تاکہ وہاں اپنا نام قائِم کرے تُم اُس کے اُسی مسکن کے طالِب ہو کر وہاں جایا کرنا۔

6. اور وہِیں تُم اپنی سوختنی قُربانیوں اور ذبِیحوں اور دَہ یکِیوں اور اُٹھانے کی قُربانیوں اور اپنی مَنّتوں کی چِیزوں اور اپنی رضا کی قُربانیوں اور گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھوں کو گُذراننا۔

7. اور وہِیں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کھانا اور اپنے گھرانوں سمیت اپنے ہاتھ کی کمائی کی خُوشی بھی کرنا جِس میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو برکت بخشی ہو۔

8. اور جَیسے ہم یہاں جو کام جِس کو ٹِھیک دِکھائی دیتا ہے وُہی کرتے ہیں اَیسے تُم وہاں نہ کرنا۔

9. کیونکہ تُم اب تک اُس آرام گاہ اور مِیراث کی جگہ تک جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے نہیں پُہنچے ہو۔

10. لیکن جب تُم یَردن پار جا کر اُس مُلک میں جِس کا مالِک خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو بناتا ہے بس جاؤ اور وہ تُمہارے سب دُشمنوں کی طرف سے جو گِردا گِرد ہیں تُم کو راحت دے اور تُم امن سے رہنے لگو۔

11. تو وہاں جِس جگہ کو خُداوند تُمہارا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُن لے وہِیں تُم یہ سب کُچھ جِس کا مَیں تُم کو حُکم دیتا ہُوں لے جایا کرنا یعنی اپنی سوختنی قُربانیاں اور اپنے ذبِیحے اور اپنی دَہ یکیاں اور اپنے ہاتھ کے اُٹھائے ہُوئے ہدئے اور اپنی خاص نذر کی چِیزیں جِن کی مَنّت تُم نے خُداوند کے لِئے مانی ہو۔

12. اور وہِیں تُم اور تُمہارے بیٹے بیٹِیاں اور تُمہارے نَوکر چاکر اور لَونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تُمہارے پھاٹکوں کے اندر رہتا ہو اور جِس کا کوئی حِصّہ یا مِیراث تُمہارے ساتھ نہیں سب کے سب مِل کر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔

13. اور تُو خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ جِس جگہ کو دیکھ لے وہِیں اپنی سوختنی قُربانی چڑھائے۔

14. بلکہ فقط اُسی جگہ جِسے خُداوند تیرے کِسی قبِیلہ میں چُن لے تُو اپنی سوختنی قُربانیاں گُذراننا اور وہِیں سب کُچھ جِس کا مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کرنا۔

15. پر گوشت کو تُو اپنے سب پھاٹکوں کے اندر اپنے دِل کی رغبت اور خُداوند اپنے خُدا کی دی ہُوئی برکت کے مُوافِق ذبح کر کے کھا سکے گا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے کھا سکیں گے جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں۔

16. لیکن تُم خُون کو بِالکُل نہ کھانا بلکہ تُو اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔

اِستِثنا 12