اَعمال 18:1-11 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. اِن باتوں کے بعد پَولُس اتھینے سے روانہ ہو کر کُرِنتھُس میں آیا۔

2. اور وہاں اُس کو اَکوِلہ نام ایک یہُودی مِلا جو پُنطُس کی پَیدایش تھا اور اپنی بِیوی پرسکِلّہ سمیت اطالِیہ سے نیا نیا آیا تھا کیونکہ کلَودِ یُس نے حُکم دِیا تھا کہ سب یہُودی رومہ سے نِکل جائیں ۔ پس وہ اُن کے پاس گیا۔

3. اور چُونکہ اُن کا ہم پیشہ تھا اُن کے ساتھ رہا اور وہ کام کرنے لگے اوراُن کا پیشہ خَیمہ دوزی تھا۔

4. اور وہ ہر سبت کو عِبادت خانہ میں بحث کرتا اور یہُودِیوں اور یُونانِیوں کو قائِل کرتا تھا۔

5. اور جب سِیلا س اور تِیمُتِھیُس مَکِدُنیہ سے آئے تو پَولُس کلام سُنانے کے جوش سے مجبُور ہو کر یہُودِیوں کے آگے گواہی دے رہا تھا کہ یِسُوع ہی مسِیح ہے۔

6. جب لوگ مُخالِفت کرنے اور کُفر بَکنے لگے تو اُس نے اپنے کپڑے جھاڑ کر اُن سے کہا تُمہارا خُون تُمہاری ہی گرَدن پر ۔ مَیں پاک ہُوں ۔ اب سے غَیر قَوموں کے پاس جاؤں گا۔

7. پس وہاں سے چلا گیا اور طِطُس یُوستُس نام ایک خُدا پرست کے گھر گیا جو عِبادت خانہ سے مِلا ہُؤا تھا۔

8. اور عِبادت خانہ کا سردار کرِسپُس اپنے تمام گھرانے سمیت خُداوند پر اِیمان لایا اور بُہت سے کُرِنتھی سُن کر اِیمان لائے اور بپتِسمہ لِیا۔

9. اور خُداوند نے رات کو رویا میں پَولُس سے کہا خَوف نہ کر بلکہ کہے جا اور چُپ نہ رہ۔

10. اِس لِئے کہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں اور کوئی شخص تُجھ پر حملہ کر کے ضَرر نہ پُہنچا سکے گا کیونکہ اِس شہر میں میرے بُہت سے لوگ ہیں۔

11. پس وہ ڈیڑھ برس اُن میں رہ کر خُدا کا کلام سِکھاتارہا۔

اَعمال 18