احبار 7:12-21 Urdu Bible Revised Version (URD)

12. کہ وہ اگر شُکرانہ کے طَور پر اُسے چڑھائے تو وہ شُکرانے کے ذبِیحہ کے ساتھ تیل مِلے ہُوئے بے خمِیری کُلچے اور تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری چپاتیاں اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے تر کُلچے بھی گُذرانے۔

13. اور سلامتی کے ذبِیحہ کی قُربانی کے ساتھ جو شُکرانہ کے لِئے ہو گی وہ خمِیری روٹی کے گِردے اپنے چڑھاوے پر گُذرانے۔

14. اور ہر چڑھاوے میں سے وہ ایک کو لے کر اُسے خُداوند کے رُوبرُو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر چڑھائے اور یہ اُس کاہِن کا ہو جو سلامتی کے ذبِیحہ کا خُون چِھڑکتا ہے۔

15. اور سلامتی کے ذبِیحوں کی اُس قُربانی کا گوشت جو اُس کی طرف سے شُکرانہ کے طَور پر ہو گی قُربانی چڑھانے کے دِن ہی کھا لِیا جائے ۔ وہ اُس میں سے کُچھ صُبح تک باقی نہ چھوڑے۔

16. پر اگر اُس کے چڑھاوے کی قُربانی مَنّت کا یا رضا کا ہدیہ ہو تو وہ اُس دِن کھائی جائے جِس دِن وہ اپنی قُربانی گُذرانے اور جو کُچھ اُس میں سے بچ رہے وہ دُوسرے دِن کھایا جائے۔

17. پر جو کُچھ اُس قُربانی کے گوشت میں سے تِیسرے دِن تک رہ جائے وہ آگ میں جلا دِیا جائے۔

18. اور اُس کے سلامتی کے ذبِیحوں کی قُربانی کے گوشت میں سے اگر کُچھ تِیسرے دِن کھایا جائے تو وہ منظُور نہ ہو گا اور نہ اُس کا ثواب قُربانی دینے والے کی طرف منسُوب ہو گا بلکہ یہ مکرُوہ بات ہو گی اور جو اُس میں سے کھائے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔

19. اور جو گوشت کِسی ناپاک چِیز سے چُھو جائے کھایا نہ جائے ۔ وہ آگ میں جلایا جائے۔اور ذبِیحہ کے گوشت کو جو پاک ہے وہ تو کھائے۔

20. لیکن جو شخص نجاست کی حالت میں خُداوند کی سلامتی کے ذبِیحہ کا گوشت کھائے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

21. اور جو کوئی کِسی ناپاک چِیز کو چُھوئے خواہ وہ اِنسان کی نجاست ہو یا ناپاک جانور ہو یا کوئی نجِس مکرُوہ شَے ہو اور پِھر خُداوند کے سلامتی کے ذبِیحہ کے گوشت میں سے کھائے وہ بھی اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

احبار 7