12. اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور کبھی بُجھنے نہ پائے اور کاہِن ہر صُبح کو اُس پر لکڑیاں جلا کر سوختنی قُربانی کو اُس کے اُوپر چُن دے اور سلامتی کے ذبِیحوں کی چربی کو اُس کے اُوپر جلایا کرے۔
13. مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رکھّی جائے ۔ وہ کبھی بُجھنے نہ پائے۔
14. اور نذر کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ ہارُون کے بیٹے اُسے مذبح کے آگے خُداوند کے حضُور گُذرانیں۔
15. اور وہ نذر کی قُربانی میں سے اپنی مُٹّھی بھر اِس طرح نِکالے کہ اُس میں تھوڑا سا مَیدہ اور کُچھ تیل جو اُس میں پڑا ہو گا اور نذر کی قُربانی کا سب لُبان آ جائے اور اِس یادگاری کے حِصّہ کو مذبح پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے طَور پر جلائے۔