احبار 6:1-12 Urdu Bible Revised Version (URD)

1. پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

2. اگر کِسی سے یہ خطا ہو کہ وہ خُداوند کا قصُور کرے اور امانت یا لین دین یا لُوٹ کے مُعاملہ میں اپنے ہمسایہ کو فریب دے یا اپنے ہمسایہ پر ظُلم کرے۔

3. یا کِسی کھوئی ہُوئی چِیز کو پا کر فریب دے اور جُھوٹی قَسم بھی کھا لے پس اِن میں سے خواہ کوئی بات ہو جِس میں کِسی شخص سے خطا ہو گئی ہے۔

4. سو اگر اُس سے خطا ہُوئی ہے اور وہ مُجرِم ٹھہرا ہے تو جو چِیز اُس نے لُوٹی یا جو چِیز اُس نے ظُلم کر کے چِھینی یا جو چِیز اُس کے پاس امانت تھی یا جو کھوئی ہُوئی چِیز اُسے مِلی۔

5. یا جِس چِیز کے بارے میں اُس نے جُھوٹی قَسم کھائی اُس چِیز کو وہ ضرُور پُورا پُورا واپس کرے اور اصل کے ساتھ پانچواں حِصّہ بھی بڑھا کر دے ۔ جِس دِن یہ معلُوم ہو کہ وہ مُجرِم ہے اُسی دِن وہ اُسے اُس کے مالِک کو واپس دے۔

6. اور اپنےجُرِم کی قُربانی خُداوند کے حضُور چڑھائے اور جِتنا دام تُو مُقرّ ر کرے اُتنے دام کا ایک بے عَیب مینڈھا ریوڑ میں سے جُرِم کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائے۔

7. یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے تو جِس کام کو کر کے وہ مُجرِم ٹھہرا ہے اُس کی اُسے مُعافی مِلے گی۔

8. پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

9. ہارُون اور اُس کے بیٹوں کو یُوں حُکم دے کہ سوختنی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ سوختنی قُربانی مذبح کے اُوپر آتِشدان پر تمام رات صُبح تک رہے اور مذبح کی آگ اُس پر جلتی رہے۔

10. اور کاہِن اپنا کتان کا لِباس پہنے اور کتان کے پاجامے کو اپنے تن پر ڈالے اور آگ نے جو سوختنی قُربانی کو مذبح پر بھسم کر کے راکھ کر دِیا ہے اُس راکھ کو اُٹھا کر اُسے مذبح کی ایک طرف رکھّے۔

11. پِھر وہ اپنے لِباس کو اُتار کر دُوسرے کپڑے پہنے اور اُس راکھ کو اُٹھا کر لشکرگاہ کے باہر کِسی صاف جگہ میں لے جائے۔

12. اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور کبھی بُجھنے نہ پائے اور کاہِن ہر صُبح کو اُس پر لکڑیاں جلا کر سوختنی قُربانی کو اُس کے اُوپر چُن دے اور سلامتی کے ذبِیحوں کی چربی کو اُس کے اُوپر جلایا کرے۔

احبار 6