1. اور اگر اُس کا چڑھاوا سلامتی کا ذبِیحہ ہو اور وہ گائے بَیل میں سے کِسی کو چڑھائے تو خواہ وہ نر ہو یا مادہ پر جو بے عَیب ہو اُسی کو وہ خُداوند کے حضُور چڑھائے۔
2. اور وہ اپنا ہاتھ اپنے چڑھاوے کے جانور کے سر پر رکھّے اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر اُسے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔
3. اور وہ سلامتی کے ذبِیحہ میں سے خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی گُذرانے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں۔
4. اور وہ ساری چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ جُدا کرے۔
5. اور ہارُون کے بیٹے اُنہیں مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلائیں جو اُن لکڑیوں پر ہو گی جو آگ کے اُوپر ہیں۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہے۔
6. اور اگر اُس کا سلامتی کے ذبِیحے کا چڑھاوا خُداوند کے لِئے بھیڑ بکری میں سے ہو تو خواہ وہ نر ہو یا مادہ پر جو بے عَیب ہو اُسی کو وہ چڑھائے۔
7. اگر وہ برّہ چڑھاتا ہو تو اُسے خُداوند کے حضُور چڑھائے۔
8. اور اپنا ہاتھ اپنے چڑھاوے کے جانور کے سر پر رکھّے اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔
9. اور وہ سلامتی کے ذبِیحہ میں سے خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی گُذرانے یعنی اُس کی پُوری چربی بھری دُم کو وہ ریڑھ کے پاس سے الگ کرے اور جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ ساری چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔
10. اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ الگ کرے۔
11. اور کاہِن اِنہیں مذبح پر جلائے ۔ یہ اُس آتِشِین قُربانی کی غِذا ہے جو خُداوند کو گُذرانی جاتی ہے۔
12. اور اگر وہ بکرا یا بکری چڑھاتا ہو تو اُسے خُداوند کے حضُور چڑھائے۔
13. اور وہ اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھّے اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔
14. اور وہ اُس میں سے اپنا چڑھاوا آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ سب چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔
15. اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ الگ کرے۔
16. اور کاہِن اِن کو مذبح پر جلائے ۔ یہ اُس آتِشِین قُربانی کی غِذا ہے جو راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے ہوتی ہے ۔ ساری چربی خُداوند کی ہے۔
17. یہ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں نسل در نسل ایک دائمی قانُون رہے گا کہ تُم چربی یا خُون مُطلق نہ کھاؤ۔