29. اور تُم کو اپنے بیٹوں کا گوشت اور اپنی بیٹیوں کا گوشت کھانا پڑے گا۔
30. اور مَیں تُمہاری پرستِش کے بُلند مقاموں کو ڈھا دُوں گا اور تُمہاری سُورج کی مُورتوں کو کاٹ ڈالُوں گا اور تُمہاری لاشیں تُمہارے شِکستہ بُتوں پر ڈال دُوں گا اور میری رُوح کو تُم سے نفرت ہو جائے گی۔
31. اور مَیں تُمہارے شہروں کو وِیران کر ڈالُوں گا اور تُمہارے مَقدِسوں کو اُجاڑ بنا دُوں گا اور تُمہاری خُوشبُویِ شِیرِین کی لپٹ کو مَیں سُونگھنے کا بھی نہیں۔
32. اور مَیں مُلک کو سُونا کر دُوں گا اور تُمہارے دُشمن جو وہاں رہتے ہیں اِس بات سے حَیران ہوں گے۔
33. اور مَیں تُم کو غَیر قَوموں میں پراگندہ کر دُوں گا اور تُمہارے پِیچھے پِیچھے تلوار کھینچے رہُوں گا اور تُمہارا مُلک سُونا ہو جائے گا اور تُمہارے شہر وِیرانہ بن جائیں گے۔
34. اور یہ زمِین جب تک وِیران رہے گی اور تُم دُشمنوں کے مُلک میں ہو گے تب تک وہ اپنے سبت منائے گی ۔ تب ہی اِس زمِین کو آرام بھی مِلے گا اور وہ اپنے سبت بھی منانے پائے گی۔
35. یہ جب تک وِیران رہے گی تب ہی تک آرام بھی کرے گی جو اِسے کبھی تُمہارے سبتوں میں جب تُم اُس میں رہتے تھے نصِیب نہیں ہُؤا تھا۔
36. اور جو تُم میں سے بچ جائیں گے اور اپنے دُشمنوں کے مُلکوں میں ہوں گے اُن کے دِل کے اندر مَیں بے ہمّتی پَیدا کر دُوں گا اور اُڑتی ہُوئی پتّی کی آواز اُن کو کھدیڑے گی اور وہ اَیسے بھاگیں گے جَیسے کوئی تلوار سے بھاگتا ہو اور حالانکہ کوئی پِیچھا بھی نہ کرتا ہو گا تَو بھی وہ گِر گِر پڑیں گے۔
37. اور وہ تلوار کے خَوف سے ایک دُوسرے سے ٹکرا ٹکرا جائیں گے باوجُودیکہ کوئی کھدیڑتا نہ ہو گا اور تُم کو اپنے دُشمنوں کے مُقابلہ کی تاب نہ ہو گی۔
38. اور تُم غَیر قَوموں کے درمِیان پراگندہ ہو کر ہلاک ہو جاؤ گے اور تُمہارے دُشمنوں کی زمِین تُم کو کھا جائے گی۔