11. اور وہ اُسے خُداوند کے حضُور ہِلائے تاکہ وہ تُمہاری طرف سے قبُول ہو اور کاہِن اُسے سبت کے دُوسرے دِن صُبح کو ہِلائے۔
12. اور جِس دِن تُم پُولے کو ہِلواؤ اُسی دِن ایک نر بے عَیب یکسالہ برّہ سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذراننا۔
13. اور اُس کے ساتھ نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے برابر ہو تاکہ وہ آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے جلائی جائے اور اُس کے ساتھ مَے کا تپاون ہِین کے چَوتھے حِصّہ کے برابر مَے لے کر کرنا۔
14. اور جب تک تُم اپنے خُدا کے لِئے یہ چڑھاوا نہ لے آؤ اُس دِن تک نئی فصل کی روٹی یا بُھنا ہُؤا اناج یا ہری بالیں ہرگِز نہ کھانا ۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت ہمیشہ یِہی آئِین رہے گا۔
15. اور تُم سبت کے دُوسرے دِن سے جِس دِن ہِلانے کی قُربانی کے لِئے پُولا لاؤ گے گِننا شرُوع کرنا جب تک سات سبت پُورے نہ ہو جائیں۔
16. اور ساتویں سبت کے دُوسرے دِن تک پچاس دِن گِن لینا ۔ تب تُم خُداوند کے لِئے نذر کی نئی قُربانی گُذراننا۔
17. تُم اپنے گھروں میں سے اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے وزن کے مَیدہ کے دو گِردے ہِلانے کی قُربانی کے لِئے لے آنا ۔ وہ خمِیر کے ساتھ پکائے جائیں تاکہ خُداوند کے لِئے پہلے پَھل ٹھہریں۔
18. اور اُن گِردوں کے ساتھ ہی تُم سات یکسالہ بے عَیب برّے اور ایک بچھڑا اور دو مینڈھے لانا تاکہ وہ اپنی اپنی نذر کی قُربانی اور تپاون کے ساتھ خُداوند کے حضُور سوختنی قُربانی کے طَور پر گُذرانے جائیں اور خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہریں۔
19. اور تُم خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا اور سلامتی کے ذبیحہ کے لِئے دو یکسالہ نر برّے چڑھانا۔
20. اور کاہِن اِن کو پہلے پَھل کے دونوں گِردوں کے ساتھ لے کر اُن دونوں برّوں سمیت ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلائے ۔ وہ خُداوند کے لِئے مُقدّس اور کاہِن کا حِصّہ ٹھہریں۔
21. اور تُم عَین اُسی دِن اِعلان کر دینا ۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس مجمع ہو ۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا ۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت سدا یِہی آئِین رہے گا۔
22. اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کو کونے کونے تک پُورا نہ کاٹنا اور نہ اپنی فصل کی گِری پڑی بالوں کو جمع کرنا بلکہ اُن کو غریبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
23. اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔