6. اور جو شخص جِنّات کے یاروں اور جادُوگروں کے پاس جائے کہ اُن کی پَیروی میں زِنا کرے مَیں اُس کا مُخالِف ہُوں گا اور اُسے اُس کی قَوم میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔
7. اِس لِئے تُم اپنے آپ کو مُقدّس کرو اور پاک رہو ۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
8. اور تُم میرے آئِین کو ماننا اور اُس پر عمل کرنا ۔ مَیں خُداوند ہُوں جو تُم کو مُقدّس کرتا ہُوں۔
9. اور جو کوئی اپنے باپ یا اپنی ماں پر لَعنت کرے وہ ضرُور جان سے مارا جائے ۔ اُس نے اپنے باپ یا ماں پر لَعنت کی ہے ۔ سو اُس کا خُون اُسی کی گردن پر ہو گا۔
10. اور جو شخص دُوسرے کی بِیوی سے یعنی اپنے ہمسایہ کی بِیوی سے زِنا کرے وہ زانی اور زانِیہ دونوں ضرُور جان سے مار دِئے جائیں۔
11. اور جو شخص اپنی سَوتیلی ماں سے صُحبت کرے اُس نے اپنے باپ کے بدن کو بے پردہ کِیا ۔ وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
12. اور اگر کوئی شخص اپنی بہُو سے صُحبت کرے تو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُنہوں نے اَوندھی بات کی ہے ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
13. اور اگر کوئی مَرد سے صُحبت کرے جَیسے عَورت سے کرتے ہیں تو اُن دونوں نے نِہایت مکرُوہ کام کِیا ہے ۔ سو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں ۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔