احبار 14:3-15 Urdu Bible Revised Version (URD)

3. اور کاہِن لشکرگاہ کے باہر جائے اور کاہِن خُود کوڑھی کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس کا کوڑھ اچھّا ہو گیا ہے۔

4. تو کاہِن حُکم دے کہ وہ جو پاک قرار دِیا جانے کو ہے اُس کے لِئے دو زِندہ پاک پرِندے اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑا اور زُوفا لیں۔

5. اور کاہِن حُکم دے کہ اُن میں سے ایک پرِندہ کِسی مِٹّی کے برتن میں بہتے ہُوئے پانی کے اُوپر ذبح کِیا جائے۔

6. پِھر وہ زِندہ پرِندہ کو اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑے اور زُوفا کو لے اور اِن کو اور اُس زِندہ پرِندہ کو اُس پرِندہ کے خُون میں غوطہ دے جو بہتے پانی پر ذبح ہو چُکا ہے۔

7. اور اُس شخص پر جو کوڑھ سے پاک قرار دِیا جانے کو ہے سات بار چِھڑک کر اُسے پاک قرار دے اور زِندہ پرِندہ کو کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے۔

8. اور وہ جو پاک قرار دِیا جائے گا اپنے کپڑے دھوئے اور سارے بال مُنڈائے اور پانی میں غُسل کرے ۔ تب وہ پاک ٹھہرے گا ۔ اِس کے بعد وہ لشکرگاہ میں آئے پر سات دِن تک اپنے خَیمہ کے باہر ہی رہے۔

9. اور ساتویں روز اپنے سر کے سب بال اور اپنی داڑھی اور اپنے ابرُو غرض اپنے سارے بال مُنڈائے اور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی میں نہائے تب وہ پاک ٹھہرے گا۔

10. اور وہ آٹھویں دِن دو بے عَیب نر برّے اور ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل لے۔

11. تب وہ کاہِن جو اُسے پاک قرار دے گا اُس شخص کو جو پاک قرار دِیا جائے گا اور اِن چِیزوں کو خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کرے۔

12. اور کاہِن نر برّوں میں سے ایک کو لے کر جُرم کی قُربانی کے لِئے اُسے اور اُس لوج بھر تیل کو نزدِیک لائے اور اُن کو ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہِلائے۔

13. اور اُس برّہ کو مَقدِس میں اُس جگہ ذبح کرے جہاں خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی کے جانور ذبح کِئے جاتے ہیں کیونکہ جُرم کی قُربانی خطا کی قُربانی کی طرح کاہِن کا حِصّہ ٹھہرے گی ۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔

14. اور کاہِن جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔

15. اور کاہِن اُس لوج بھر تیل میں سے کُچھ لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔

احبار 14