25. پِھر کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو ذبح کرے اور وہ جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے کر جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔
26. پِھر کاہِن اُس تیل میں سے کُچھ اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔
27. اور وہ اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں سے کُچھ اپنی دہنی اُنگلی سے خُداوند کے حضُور سات بار چِھڑکے۔
28. پِھر کاہِن کُچھ اپنے ہاتھ کے تیل میں سے لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کی جگہ اُسے لگائے۔
29. اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے وہ اُسے اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا تاکہ اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دِیا جائے۔
30. پِھر وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں میں سے جِنہیں وہ لا سکا ہو ایک کو چڑھائے۔
31. یعنی جو کُچھ اُسے مُیسّر ہُؤا ہو اُس میں سے ایک کو خطا کی قُربانی کے طَور پر اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے طَور پر نذر کی قُربانی کے ساتھ گُذرانے ۔ یُوں کاہِن اُس شخص کے لِئے جو پاک قرار دِیا جائے گا خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔
32. اُس کوڑھی کے لِئے جو اپنے پاک قرار دِئے جانے کے سامان کو لانے کا مقدُور نہ رکھتا ہو شرع یہ ہے۔