احبار 14:13-31 Urdu Bible Revised Version (URD)

13. اور اُس برّہ کو مَقدِس میں اُس جگہ ذبح کرے جہاں خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی کے جانور ذبح کِئے جاتے ہیں کیونکہ جُرم کی قُربانی خطا کی قُربانی کی طرح کاہِن کا حِصّہ ٹھہرے گی ۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔

14. اور کاہِن جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔

15. اور کاہِن اُس لوج بھر تیل میں سے کُچھ لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔

16. اور کاہِن اپنی دہنی اُنگلی کو اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں ڈبوئے اور خُداوند کے حضُور کُچھ تیل سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے۔

17. اور کاہِن اپنے ہاتھ کے باقی تیل میں سے کُچھ لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کے اُوپر لگائے۔

18. اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے اُسے وہ اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔

19. اور کاہِن خطا کی قُربانی بھی گُذرانے اور اُس کے لِئے جو اپنی ناپاکی سے پاک قرار دِیا جائے گا کفّارہ دے ۔ اِس کے بعد وہ سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرے۔

20. پِھر کاہِن سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی کو مذبح پر چڑھائے ۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔

21. اور اگر وہ غریب ہو اور اِتنا اُسے مقدُور نہ ہو تو وہ ہِلانے کے واسطے جُرم کی قُربانی کے لِئے ایک نر برّہ لے تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ دِیا جائے اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل۔

22. اور اپنے مقدُور کے مُطابِق دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے بھی لے جِن میں سے ایک تو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے ہو۔

23. اِنہیں وہ آٹھویں دِن اپنے پاک قرار دِئے جانے کے لِئے کاہِن کے پاس خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور لائے۔

24. اور کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو اور اُس لوج بھر تیل کو لے کر اُن کو خُداوند کے حضُور ہِلانے کی قُربانی کے طَور پر ہِلائے۔

25. پِھر کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو ذبح کرے اور وہ جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے کر جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔

26. پِھر کاہِن اُس تیل میں سے کُچھ اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔

27. اور وہ اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں سے کُچھ اپنی دہنی اُنگلی سے خُداوند کے حضُور سات بار چِھڑکے۔

28. پِھر کاہِن کُچھ اپنے ہاتھ کے تیل میں سے لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کی جگہ اُسے لگائے۔

29. اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے وہ اُسے اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا تاکہ اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دِیا جائے۔

30. پِھر وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں میں سے جِنہیں وہ لا سکا ہو ایک کو چڑھائے۔

31. یعنی جو کُچھ اُسے مُیسّر ہُؤا ہو اُس میں سے ایک کو خطا کی قُربانی کے طَور پر اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے طَور پر نذر کی قُربانی کے ساتھ گُذرانے ۔ یُوں کاہِن اُس شخص کے لِئے جو پاک قرار دِیا جائے گا خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔

احبار 14