30. تو کاہِن اُس داغ کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ کھال سے گہرا معلُوم ہوتا ہے اور اُس پر زرد زرد بارِیک رَونگٹے ہیں تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ وہ سعفہ ہے جو سر یا ٹھوڑی کا کوڑھ ہے۔
31. اور اگر کاہِن دیکھے کہ وہ سعفہ کی بلا کھال سے گہری نہیں معلُوم ہوتی اور اُس پر سِیاہ بال نہیں ہیں تو کاہِن اُس شخص کو جِسے سعفہ کا مرض ہے سات دِن تک بند رکھّے۔
32. اور ساتویں دِن کاہِن اُس بلا کا مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ سعفہ پَھیلا نہیں اور اُس پر کوئی زرد بال بھی نہیں اور سعفہ کھال سے گہرا نہیں معلُوم ہوتا۔
33. تو اُس شخص کے بال مُونڈے جائیں لیکن جہاں سعفہ ہو وہ جگہ نہ مُونڈی جائے اور کاہِن اُس شخص کو جِسے سعفہ کا مرض ہے سات دِن اَور بند رکھّے۔
34. پِھر ساتویں روز کاہِن سعفہ کا مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ سعفہ جِلد میں پَھیلا نہیں اور نہ وہ کھال سے گہرا دِکھائی دیتا ہے تو کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے اور وہ اپنے کپڑے دھوئے اور صاف ہو جائے۔
35. پر اگر اُس کی صفائی کے بعد سعفہ اُس کی جِلد پر بُہت پَھیل جائے تو کاہِن اُسے دیکھے۔
36. اور اگر سعفہ اُس کی جِلد پر پَھیلا ہُؤا نظر آئے تو کاہِن زرد بال کو نہ ڈُھونڈے کیونکہ وہ شخص ناپاک ہے۔
37. پر اگر اُس کو سعفہ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں دِکھائی دے اور اُس پر سِیاہ بال نِکلے ہُوئے ہوں تو سعفہ اچھّا ہو گیا ۔ وہ شخص پاک ہے اور کاہِن اُسے پاک قرار دے۔
38. اور اگر کِسی مَرد یا عَورت کے جِسم کی جِلد میں چمکتے ہُوئے داغ یا سفید چمکتے ہُوئے داغ ہوں۔
39. تو کاہِن دیکھے اور اگر اُن کے جِسم کی جِلد کے داغ سِیاہی مائِل سفید رنگ کے ہوں تو وہ چِھیپ ہے جو جِلد میں پُھوٹ نِکلی ہے ۔ وہ شخص پاک ہے۔