احبار 13:14-23 Urdu Bible Revised Version (URD)

14. پر جِس دِن جِیتا اور کچّا گوشت اُس پر دِکھائی دے وہ ناپاک ہو گا۔

15. اور کاہِن اُس کچّے گوشت کو دیکھ کر اُس شخص کو ناپاک قرار دے ۔ کچّا گوشت ناپاک ہوتا ہے ۔ وہ کوڑھ ہے۔

16. اور اگر وہ کچّا گوشت پِھر کر سفید ہو جائے تووہ کاہِن کے پاس جائے۔

17. اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ مرض کی جگہ سب سفید ہو گئی ہے تو کاہِن مرِیض کو پاک قرار دے وہ پاک ہے۔

18. اور اگر کِسی کے جِسم کی جِلد پر پھوڑا ہو کر اچھّا ہو جائے۔

19. اور پھوڑے کی جگہ سفید ورم یا سُرخی مائِل چمکتا ہُؤا سفید داغ ہو تو وہ کاہِن کو دِکھایا جائے۔

20. اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ کھال سے گہرا نظر آتا ہے اور اُس پر کے بال بھی سفید ہو گئے ہیں تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ ہے جو پھوڑے میں سے پُھوٹ کر نِکلا ہے۔

21. پر اگر کاہِن دیکھے کہ اُس پر سفید بال نہیں اور وہ کھال سے گہرا بھی نہیں ہے اور اُس کی چمک کم ہے تو کاہِن اُسے سات دِن تک بند رکھّے۔

22. اور اگر وہ جِلد پر چاروں طرف پَھیل جائے تو کاہِن اُسے ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ کی بلا ہے۔

23. پر اگر وہ چمکتا ہُؤا داغ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں رہے اور پَھیل نہ جائے تو وہ پھوڑے کا داغ ہے ۔ پس کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے۔

احبار 13