26. اور سب چارپائے جِن کے پاؤں الگ ہیں پر وہ چِرے ہُوئے نہیں اور نہ وہ جُگالی کرتے ہیں وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں ۔ جو کوئی اُن کو چُھوئے وہ ناپاک ٹھہرے گا۔
27. اور چار پاؤں پر چلنے والے جانوروں میں سے جِتنے اپنے پنجوں کے بل چلتے ہیں وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہیں ۔ جو کوئی اُن کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
28. اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ یہ سب تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔
29. اور زمِین پر کے رینگنے والے جانوروں میں سے جو تُمہارے لِئے ناپاک ہیں وہ یہ ہیں یعنی نیولا اور چُوہا اور ہر قِسم کی بڑی چُھپکلی۔
30. اور حِرذُون اور گوہ اور چُھپکلی اور سانڈا اور گِرگٹ۔
31. سب رینگنے والے جانداروں میں سے یہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں ۔ جو کوئی اُن کے مَرے پِیچھے اُن کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
32. اور جِس چِیز پر وہ مَرے پِیچھے گِریں وہ چِیز ناپاک ہو گی خواہ وہ لکڑی کا برتن ہو یا کپڑا یا چمڑا یا بورا ہو ۔ خواہ کِسی کا کَیسا ہی برتن ہو ضرُور ہے کہ وہ پانی میں ڈالا جائے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا ۔ اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گا۔
33. اور اگر اِن میں سے کوئی کِسی مِٹّی کے برتن میں گِر جائے تو جو کُچھ اُس میں ہے وہ ناپاک ہو گا اور برتن کو تُم توڑ ڈالنا۔
34. اُس کے اندر اگر کھانے کی کوئی چِیز ہو جِس میں پانی پڑا ہُؤا ہوتو وہ بھی ناپاک ٹھہرے گی اور اگر اَیسے برتن میں پِینے کے لِئے کُچھ ہو تو وہ ناپاک ہو گا۔
35. اور جِس چِیز پر اُن کی لاش کا کوئی حِصّہ گِرے خواہ وہ تنُور ہو یا چُولھا وہ ناپاک ہو گی اور توڑ ڈالی جائے ۔ اَیسی چِیزیں ناپاک ہوتی ہیں اور وہ تُمہارے لِئے بھی ناپاک ہوں۔
36. مگر چشمہ یا تالاب جِس میں بُہت پانی ہو وہ پاک رہے گا پر جو کُچھ اُن کی لاش سے چُھو جائے وہ ناپاک ہو گا۔
37. اور اگر اُن کی لاش کا کُچھ حِصّہ کِسی بونے کے بِیج پر گِرے تو وہ بیج پاک رہے گا۔
38. پر اگر بیج پر پانی ڈالا گیا ہو اور اِس کے بعد اُن کی لاش میں سے کُچھ اُس پر گِرا ہو تو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہو گا۔
39. اور جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو اگر اُن میں سے کوئی مَر جائے تو جو کوئی اُس کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
40. اور جو کوئی اُن کی لاش میں سے کُچھ کھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
41. اور سب رینگنے والے جاندار جو زمِین پر رینگتے ہیں مکرُوہ ہیں اور کبھی کھائے نہ جائیں۔
42. اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جانداروں میں سے جِتنے پیٹ یا چار پاؤں کے بل چلتے ہیں یا جِن کے بُہت سے پاؤں ہوتے ہیں اُن کو تُم نہ کھانا کیونکہ وہ مکرُوہ ہیں۔